آصف زرداری کے بیان سے تاثر ملتا ہے سندھ حکومت پولیس وردی میں ملبوس رائو انوار جیسی کالی بھیڑوں کی پشت پناہی کر رہی ہے، پشتون گرینڈ جرگہ

پیپلز پارٹی کی جانب سے تسلی بخش وضاحت سامنے نہ آئی تو پشتون گرینڈ جرگہ تمام آپشنز کو زیر غور لا کر لائحہ عمل کا جلد اعلان کرے گا، ترجمان کاردعمل

ہفتہ 17 فروری 2018 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) پشتون گرینڈ جرگہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے بیان سے تاثر ملتا ہے سندھ حکومت پولیس وردی میں ملبوس رائو انوار جیسی کالی بھیڑوں کی پشت پناہی کر رہی ہے، سابق دصر نے رائو انور کو بیگناہ اور ہیرو بنا کر پیش کیا ہے، وہ نقیب اللہ محسود اور کراچی میں آباد پشتون و دیگر قومیتوں کے مظلوم افراد کا قاتل اور این کاؤنٹر اسپیشلسٹ ہے،سابق صدر کے بیان سے متاثرہ خاندانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ،پیپلز پارٹی کی جانب سے تسلی بخش وضاحت سامنے نہ آئی تو پشتون گرینڈ جرگہ تمام آپشنز کو زیر غور لا کر لائحہ عمل کا اعلان جلد کریگا۔

سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی جانب سے نقیب محسود شہید سے متعلق ایک انٹرویو پر پختون گرینڈ جرگے کے ترجمان سیف الرحمن نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے رائو انور کو بیگناہ اور ہیرو بنا کر پیش کیا ہے، وہ نقیب اللہ محسود اور کراچی میں آباد پشتون اور دیگر قومیتوں کے مظلوم افراد کا قاتل اور این کاؤنٹر اسپیشلسٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے بیان سے متاثرہ خاندانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ،پشتون گرینڈ جرگہ پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور آصف زرداری سے بیان کی وضاحت کا مطالبہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک قومی دھارے کی جماعت ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ مظلوم اور پسے طبقات کیلئے پارلیمنٹ میں اور باہر آواز اٹھائی لیکن آصف زرداری کے اس بیان نے پیپلز پارٹی کے کردار کو مشکوک بنا دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے بیان سے تاثر ملتا ہے نقیب اللہ اور دیگر ماورائے عدالت قتل ہونیوالے افراد کے معاملے پر سندھ حکومت ، پولیس وردی میں ملبوس رائو انوار جیسی کالی بھیڑوں کی پشت پناہی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے بیان میں میڈیا ، اعلی عدلیہ اور سندھ پولیس کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کی جانب سے تسلی بخش وضاحت سامنے نہ آئی تو پشتون گرینڈ جرگہ تمام آپشنز کو زیر غور لا کر لائحہ عمل کا جلد اعلان کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں