وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، مختلف ممالک کیساتھ مفاہمت کی سات یادداشتوں پر دستخط کی منظوری دیدی گئی

اجلاس میں بار کونسلوں اور بار ایسوسی ایشنوں کیلئے امداد کی تخصیص کیلئے سیلنگ ،یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے تقرر اور پریوینش آف سمگلنگ آف مائیگرنٹ آرڈیننس 2018کی بھی منظوری دی گئی

منگل 3 اپریل 2018 22:29

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، مختلف ممالک کیساتھ مفاہمت کی سات یادداشتوں پر دستخط کی منظوری دیدی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) وفاقی کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمت کی سات یاداشتوں پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آڈٹ اوور سائٹ بورڈ کی 2017ء کیلئے آڈٹ شدہ مالی سٹیٹمنٹ اور سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔

کابینہ نے مختلف ممالک کیساتھ مفاہمت کی سات یادداشتوں پر دستخط کرنے کی منظوری دی جن کا مقصد اقتصادی اور سٹرٹیجک تعاون کا فروغ اور ایک منصوبہ کی فزیبلٹی سٹڈی تیار کرنا ہے۔ کابینہ نے 2017-18ء کیلئے بار کونسلوں اور بار ایسوسی ایشنوں کیلئے امداد کی تخصیص کیلئے سیلنگ کی بھی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس کے دوران یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے پریوینش آف سمگلنگ آف مائیگرنٹ آرڈیننس 2018ء کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈائریکٹر جنرل پورٹس اینڈ شپنگ کو پورٹ قاسم اتھارٹی کراچی کے چیئرمین کے عہدے کا اضافی چارج دینے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کو توانائی کے شعبہ، بنیادی ڈھانچہ، صنعتی تعاون اور گوادر کی ترقی سمیت چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالہ سے تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔

سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کابینہ کو بتایا گیا کہ توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اقتصادی راہداری کے پہلے مرحلہ کے بڑے شعبے ہیں۔ اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے مختلف منصوبوں سے 17 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی ان کی تکمیل پر قومی گرڈ میں شامل ہو گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک ملک کے بالخصوص کم ترقی یافتہ علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں نمایاں مدد دے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سی پیک سے مجموعی ملکی پیداوار میں اضافہ اور معیشت کے مختلف شعبوں کو مربوط بنانے میں مدد ملے گی۔ کابینہ نے قومی شناختی کارڈ اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے قومی شناختی کارڈ کی قیمتوں کے حوالہ سے بھی سمری کی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں