سپیکر قومی اسمبلی کی عید الفطر کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد

خوشی کے موقع پر اپنے ہم وطن بزرگوں،بھائیوں،بہنوں اور بچوں کو عید کی مبارکباد دیتا ہوں‘ سردار ایاز صادق

جمعہ 15 جون 2018 11:40

سپیکر قومی اسمبلی کی عید الفطر کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ وہ اس خوشی کے موقع پر اپنے ہم وطن بزرگوں،بھائیوں،بہنوں اور بچوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کے اس موقع پر خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے ہمیں ماہ صیام میں روزہ رکھنے،عبادت کر نے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا موقع فراہم کیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ عید کا دن ہم سب کے لیے خوشیاں لے کر آیا ہے تاہم اس کی حقیقی خوشی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب ہم اپنے غریب بہن بھائیوں کا خیال رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کریں انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے معاشرتی نا انصافیوں کے خاتمے اور ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید تجدید عہد کا دن ہے آج کے دن ہمیں پوری امت کی تر قی وخوشحالی کے لیے دعائیں مانگنی چاہے۔انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ مسلمانوں کوصیح راستے پر چلنے کی توفیق عطافرمائے اور انہیں ہر برائی سے محفوظ رکھے۔ سپیکر نے ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں