ایم ایم اے بکھرنا شروع ہوگئی

جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 18 اگست 2018 00:09

ایم ایم اے بکھرنا شروع ہوگئی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-17اگست 2018ء) :ایم ایم اے بکھرنا شروع ہوگئی۔ جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن میں پھوٹ پڑنے کے بعد متحدہ مجلس عمل بھی تتر بتر ہونے لگی۔ ایک جانب پیپلز پارٹی پہلے ہی وزیراعظم کے عہدے کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدوار شہباز شریف پر تحفظات کا اظہار کر دیا تھا تو دوسری جانب جماعت اسلامی نے بھی فیصلہ کیا تھا کہ اس کے دو ارکان قومی اسمبلی جمعہ کو وزیراعظم کے انتخاب کے دن کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کا ایک منتخب رکن جبکہ ایک مخصوص نشست پر ایک خاتون رکن ہیں۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق متحدہ مجلس عمل کا شیرازہ بکھر گیا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی شوریٰ نے بھی اصولی فیصلہ کیا ہے کہ وہ مذہبی جماعتوں کے اتحاد، ایم ایم اے، کی عام انتخابات میں مایوس کن کارکردگی کے بعد اس کے ساتھ اتحاد جاری نہیں رکھے گی۔

تاہم، اتحاد سے فوری طور پر علیحدگی اختیار نہیں کی جائے گی بلکہ چند ماہ کے بعد یہ اقدام کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹرز میں 11؍ اور 12؍ ا گست کو ہونے والے شوریٰ اجلاس کے فیصلے کے تحت پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے کیلئے بھی کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔ تاہم، انہوں نے قومی اسمبلی میں ایم ایم اے کے ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار کو ووٹ دیا۔آج وہ وزیر اعظم کے انتخاب میں بھی الگ ہی رہی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں