افغانستان۔پاکستان ایکشن پلان برائے امن و استحکام کے اگلے اجلاس میں افغان

مہاجرین کے معاملات زیر بحث آئیں گے، کرتار پور سرحد کھولنے کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تاحال باضابطہ رابطہ نہیں ہوا، اس سلسلے میں اسلام آباد کا موقف واضح ہے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی ہفتہ وار پر یس بریفنگ

بدھ 19 ستمبر 2018 20:59

افغانستان۔پاکستان ایکشن پلان برائے امن و استحکام کے اگلے اجلاس میں افغان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ افغانستان۔پاکستان ایکشن پلان برائے امن و استحکام (اے پی اے پی پی ایس ) کے اگلے اجلاس میں افغان مہاجرین کے معاملات زیر بحث آئیں گے، کرتار پور سرحد کھولنے کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تاحال باضابطہ رابطہ نہیں ہوا ہے لیکن اس سلسلے میں اسلام آباد کا موقف واضح ہے۔

بدھ کو یہاں ہفتہ وار پر یس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ اے پی اے پی پی ایس کا اگلا اجلاس اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں اسلام آباد میں ہوگا جس میں پانچ زیلی گروپوں کے امور سمیت افغان مہاجرین کے معاملات زیر بحث لائے جائیں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ میں قونصلر خدمات کی بحالی کا معاملہ حل کرنے کیلئے افغانستان کیساتھ کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بارڈر مینجمنٹ اور انسداد دہشت گردی سے متعلق ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں افغانستان کے دورہ کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ہم منصب کے مابین اس معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم کے دورہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان برادر ملک ہیں اور وزیر اعظم نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کیلئے سعودی عرب کا انتخاب کیا۔

ایرانی جوہری معاہدہ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پیچیدہ معاملے کا مذاکرات اور سفارتکاری کے زریعے تصفیئے کی یہ بہترین مثال ہے۔ ترجمان نے کہا کہ معاہدے سے یکطرفہ اخراج سے مذاکرات اور سفارتکاری کے حوالے سے عالمی برادری کے اعتماد کو ٹھیس پہنچے گا۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی سمیت پاکستانی مشنز میں نان کیر ئرز سفارتکاروں کے حوالے سے ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اس قسم کے فیصلے جلد بازی میں نہیں کئے جائیں گے۔

اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ قریشی اور انکی بھارتی ہم منصب کے درمیان ملاقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے تا ہم اس سلسلے میں ہم رابطوں میں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں