یوم عاشور ہمیں نواسہ رسول ؐاور ساتھیوں کی دین کی حفاظت و حرمت کیلئے پیش گئی قربانی کی یاد دلاتا ہے ،ْ عمران خان

وطن عزیز کے حالات کو دیکھتے ہوئے آج ہمیں متحد و منظم ہونے اور ایثار وقربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے ،ْ بیان

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:33

یوم عاشور ہمیں نواسہ رسول ؐاور ساتھیوں کی دین کی حفاظت و حرمت کیلئے پیش گئی قربانی کی یاد دلاتا ہے ،ْ عمران خان
ْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج حرمت و عظمت والے مہینہ محرم الحرام کی 10 تاریخ ہے ،ْاس دن کو تاریخ اسلام نے یوم عاشورہ کے نام سے موسوم کیا ہے ،ْیہ دن ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے دین کی حفاظت و حرمت کیلئے پیش کی۔

وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔ استقامت حق کا حصول ہی وہ مشن ہے جس کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیئے، یہی وہ عمل ہے جسے حضرت امام حسینؓ کے حوالے سے تاریخ نے اسوہ شبیری کے نام سے موسوم کیا ہے جس میں ہمیں حق کی سربلندی کے لئے ڈٹ جانے کا پیغام ملتا ہے۔

(جاری ہے)

آج کا دِن ہمیں نواسہ رسول ؐ اور جگر گوشہ بتولؓ کے عظیم افکار و اعمال کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن ہمیں حق وباطل کے اس معرکے کی یاد دلاتا ہے جو 10 محرم کو کربلا کے میدان میں پیش آیا۔ حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہی لیکن حضرت امام حسینؓ نے اپنی لازوال قربانی سے یہ ثابت کیا ہے کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا نیست و نابود ہوا ۔

ثابت قدمی اور استقامت کی یہی مثال ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ آج کے دن ہمیں اٴْسوہ حسینی کو نہ صرف یاد رکھنا ہے بلکہ خود کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھال لینے کے لئے سر گرم عمل ہونے کا پختہ عزم بھی کرنا ہے۔ وزیرا عظم نے کہاکہ وطن عزیز کے حالات کو دیکھتے ہوئے آج ہمیں متحد و منظم ہونے اور ایثار وقربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے تاکہ جہاں ہم دشمنان ملک و ملت کے ناپاک عزائم کو شکست دے سکیں وہاں ملک و قوم کی بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھانے میں ثابت قدم رہ سکیں۔ یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں ہم سب کی بقا ہے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں