وزیراعظم نے ’’پرائم منسٹرز کمیٹی آن کلائمیٹ چینج‘‘ کی منظوری دیدی

کمیٹی قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لے گی

پیر 15 اکتوبر 2018 20:15

وزیراعظم نے ’’پرائم منسٹرز کمیٹی آن کلائمیٹ چینج‘‘ کی منظوری دیدی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیراعظم نے ’’پرائم منسٹرز کمیٹی آن کلائمیٹ چینج‘‘ کی منظوری دیدی۔ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر قائم کی گئی کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم پاکستان کریں گے جبکہ اس کے ممبران میں مشیر/وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی، وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، وزیر خزانہ، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ، وزیر برائے پاور، وزیر برائے آبی وسائل اور چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔ علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ دعوت پر اجلاس میں شرکت کریں گے۔ کمیٹی کے قیام کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل پر اعلیٰ سطح پر تزویراتی رہنمائی کے علاوہ وفاقی حکومت اور صوبوں کی مربوط کوششوں کیلئے پلیٹ فارم کی فراہمی شامل ہے۔ وزیراعظم کی کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں