حکومت پڑھے لکھے بیروزگار پیدا کرنے کی بجائے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے، شفقت محمود

نئی حکومت کے عزم میں کوئی کمی نہیں ، آنے والے مہینوں اور سالوں میں عوام کو ہر شعبے میں واضح تبدیلی نظر آئے گی، نور الحق قادری کا مسلم ہینڈز کے زیر اہتما م تقریب سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 22:16

حکومت پڑھے لکھے بیروزگار پیدا کرنے کی بجائے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے، شفقت محمود
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پڑھے لکھے بیروزگار پیدا کرنے کی بجائے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے تاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ایک کروڑ نوکریوں کے پروگرام کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے پانچ سالوں میں شرح خواندگی میں چار فیصد کمی ہوئی ہے اور ہم مزید آگے جانے کی بجائے پیچھے جارہے ہیں۔

انھوں نے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کی ترویج کے لئے مسلم ہینڈز کی کاوشوں کو سراہا۔وہ مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق قادری اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بھی تقریب میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے مذہبی ڈاکٹر نور الحق قادری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نئی حکومت کے عزم میں کوئی کمی نہیں ہے اور انشائ اللہ آنے والے مہینوں اور سالوں میں عوام کو ہر شعبے میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ محنت کرکے روزی کمانے والا اللہ کا دوست ہوتا ہے اور مسلم ہینڈز جیسے ادارے ہمارے بچوں کو با ہنر بنا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا روزگار خود شروع کرکے حکومت اور معاشرے پر بوجھ بنے بغیراپنے کام میں خود کفیل ہوسکیں، اس طرح غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم چار جہتوں میں کام کررہے ہیں جن کے ذریعے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کا دائرہ کار ملک میں مزید بڑھایا جا سکے گا۔

ان میں ووکیشنل تعلیم میں اضافہ ، سکولوں سے باہر بچوں کا سکولوں میں داخلہ، یکساں نصاب تعلیم اور معیاری تعلیم کی فراہمی شامل ہیں۔ مسلم ہینڈز کے چیئرمین سید لخت حسنین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مسلم ہینڈز اداروں کے ساتھ تعاون اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے ضابطہ کار اور بنیادی شراکت داری، دونوں کی اہمیت کا مظاہرہ کرنے میں کامیا ب رہا ہے۔

اس شراکت داری کے ذریعے 52سے زائد ووکیشنل ٹریننگ (پیشہ ورانہ تربیتی مراکز)کے اداروں کو بحال کیا گیا، اساتذہ کی تربیت کی گئی اور ان اداروں میں زیر تربیت طلبائ کے لئے جدید آلات اور دیگر سازو سامان مہیا کیا گیا۔اس طرح ملک بھر میں موجود ہمارے اداروں کی جانب سے پیش کئے جانے والے الیکٹریکل کورسز میں32000سے زائد طلبائ داخلہ لے کر مستفید ہوئے۔

ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ یہ مسلم ہینڈز انٹرنیشنل اور شنائڈر الیکٹرک فرانس کے درمیان شراکت داری کا ثمر ہے کہ ان تنظیموں نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)اورپنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل(پی وی ٹی سی)کی حمایت سے یہ سنگ میل عبور کیا۔اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے پیشہ ورانہ تربیتی مراکز کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے اور پائیدار ترقی کے اہداف جن کو ’’ دنیا کو تبدیل کر نی؛اور پائیدار ترقی کا 2030کا ایجنڈا ‘‘ بھی کہا جاتا ہے، میں شامل کیا ہے۔

اس نقطہ نظر کوعالمی سطح پر غریب افراد کو غربت سے نکالنے اور غربت کی شرح میں کمی لانے کے بنیادی اور اہم کورسز میں شامل کیا گیا ہے۔ ووکیشنل ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے بڑے منظم طریقے سے دنیابھر میں پائیدار ترقی کے بہت سے اہم اہداف کو حاصل کیا جا رہا ہے۔مؤثر ووکیشنل ٹریننگ سنٹر ز کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف نمبر 4،5، 8اور 17کو پورا کیا جا رہا ہے۔

مسلم ہینڈز پاکستان نے شنائڈر الیکٹرک کے ساتھ مل کر اس شعبے میں پائے جانے والے خلائ کی نشاندہی کی اور اس کو پرٴْ کرنے اور پائیدار عالمی ترقی کے اہدا ف کے حصول کے لئے عملی طور پر کام کا آغاز کیا۔ اس پروگرام میں اہم شراکت داروں کو ایک ساتھ بٹھانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ تمام شرکائ اور ادارے اس عزم کا اظہار کریں کہ وہ ایک ساتھ مل کر باہمی تعاون کے لئے مزید سرگرم ہوں گے اور ترقی پذیر ممالک سے غربت کے خاتمے کے لئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔

پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے حکومتوں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور شہریوں کی شراکت داری کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ہم آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر دنیاچھوڑ کر جائیں۔تقریب سے شنائڈر الیکٹرک پاکستان کے کنٹری پریذیڈنٹ محکم شیخ ، مسلم ہینڈز کے ڈائریکٹر آپریشنزسید جاوید گیلانی ، ٹیوٹا کے جنرل مینیجر آپریشنز عامر عزیزاور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ایکٹنگ مینیجنگ ڈائریکٹر امجد علی نے بھی اپنے اپنے اداروں کے بارے میں بریفنگ دی۔۔۔۔اعجاز خان

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں