نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جاری

سابق وزیراعظم کی جانب سے فراہم کیے گئے جوابات میں تصحیح کرائی جا رہی ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 16 نومبر 2018 11:30

نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 نومبر۔2018ء) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جاری ہے. تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں. سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے 342 کا بیان یوایس بی میں عدالت کوفراہم کردیا گیا، ان کے جوابات کو عدالتی ریکارڈ پرلایا جا رہا ہے.

نواز شریف کی جانب سے151 سوالات میں سے 120 کے جوابات دیے گئے، نوازشریف نے آج مزید 30 سوالات کے جوابات فراہم کرنے ہیں. سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے فراہم کیے گئے جوابات میں تصحیح کرائی جا رہی ہے.

(جاری ہے)

عدالت میں گزشتہ روز نوازشریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران پوچھے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے قطری شہزادے کے خطوط سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا.

انھوں نے کہا کہ قطری شہزادے کے خطوط سے ان کا کوئی تعلق نہیں، وہ کسی حیثیت میں بھی کسی ٹرانزیکشن کا حصہ نہیں رہے، نہ ہی ان کا نام کسی دستاویز میں ہے. نواز شریف نے نیب کے گواہ واجد ضیاءکے بیان پر بھی کئی اعتراضات اٹھائے. سابق وزیراعظم نے اپنے جواب میں کہا تھا کہ جے آئی ٹی کے 10 والیم محض ایک تفتیشی رپورٹ ہے، کوئی قابل قبول شہادت نہیں، میرے ٹیکس ریکارڈ کے علاوہ جے آئی ٹی کی طرف سے پیش کی گئی کسی دستاویز کا میں گواہ نہیں.

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نوازشریف اب تک مجموعی 151 سوالات میں سے 89 کے جواب دے چکے ہیں. خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کے لیے معزز جج ارشد ملک کو سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کل 17 نومبر کو ختم ہو رہی ہے. احتساب عدالت کی جانب سے ٹرائل کی مدت میں ساتویں بار توسیع کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کا بھی امکان ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں