چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے عمر قید کے ایک اور ملزم کو بری کر دیا

اہلیہ رخسانہ بی بی کے قتل کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم احمد علی کی بریت کی اپیل منظور کرلی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 جنوری 2019 13:34

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے عمر قید کے ایک اور ملزم کو بری کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2019ء) : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نےعمر قید کے ایک اور ملزم کو رہا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بیوی رخسانہ بی بی کے قتل کے مقدمے میں ملزم کی بریت کی درخواست پر سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے اہلیہ رخسانہ بی بی کے قتل کیس کے ملزم احمد علی کی بریت کی اپیل منظور کر لی اور عمر قید کی سزا کالعدم قرار دے کر ملزم کو ساڑھے 9سال بعد بری کردیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے مقدمے کے گواہ جائے وقوعہ سے میلوں دور رہتے ہیں، ٹرائل کورٹ میں قتل کے ٹھوس شواہد نہیں آئے، اہلیہ رخسانہ کے قتل میں بچوں کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا، رخسانہ کے قتل کا مقدمہ دوسرے تھانےکی حدود میں درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ملزم احمد علی پر 2009ء میں اپنی اہلیہ رخسانہ بی بی کو قتل کرنے کا الزام عائد تھا اور ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا تاہم ہائی کورٹ نے ملزم کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا جس کے بعد ملزم نے بریت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ سے گذشتہ روز بھی اغوا کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے دو ملزمان کو بری کردیا تھا۔ گذشتہ روز سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اغوا کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دئے کہ اگر گواہ ڈرتے ہیں تو انصاف نہ مانگیں۔

اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ سچی شہادت کے لیے سامنے آ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ماں باپ یا عزیزوں کے خلاف شہادت کے لیے گواہ بنو۔ انہوں نے کہا کہ مغوی کی بازیابی پولیس کے ذریعے نہیں ہوئی۔ مغوی بازیاب ہونے کے چھ ماہ کے بعد شامل تفتیش نہیں ہوا۔ اور مغوی نے چھ ماہ تک پیش نہ ہونے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا۔ عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے عمر قید کے ملزموں کی سزائیں ختم کرنے اور بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ اپنا منصب سنبھالتے ہی ایکشن میں آگئے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے رواں ہفتے پرنسپل سیٹ اسلام آباد کے لیے پانچ بینچ تشکیل دے رکھے ہیں ۔ گذشتہ ہفتے جاری کاز لسٹ کے مطابق بینچ نمبر 1،چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ،جسٹس مقبول باقر،جسٹس منصور علی شاہ ،بینچ نمبر 2 جسٹس عظمت سعید ،جسٹس فیصل عرب ،جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل، بینچ نمبر3 جسٹس مشیر عالم ،جسٹس قاضی فائز عیسی، بینچ نمبر4 جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس منیب اختر ،جسٹس یحییٰ آفریدی اور بینچ نمبر 5 جسٹس منظور ملک اورجسٹس طارق مسعود پرمشتمل ہے ۔چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ برسوں پُرانے اور زیر التوا مقدمات نمٹانے کے عزم پر عمل پیرا ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں