وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گرد حملے کی مذمت، شہداء کیلئے فاتحہ خوانی

دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، دکھ کی گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں، عمران خان وفاقی کابینہ نے وزارتوں اور سینئر حکام کا ’انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ‘ بجٹ ختم کرنے ،ایف بی آر اصلاحات کا مجوزہ پلان منظور کرلیا گیا

منگل 19 مارچ 2019 19:33

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گرد حملے کی مذمت، شہداء کیلئے فاتحہ خوانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) وفاقی کابینہ نے وزارتوں اور سینئر حکام کا ’انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ‘ بجٹ ختم کرنے کا بل منظور کرلیا۔منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 30 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور ملک کی سیاسی، سلامتی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا جبکہ کابینہ کو قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے وزارتوں اور سینئر حکام کا’ انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ‘ بجٹ ختم کرنے ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات کا مجوزہ پلان منظور کرلیا۔وفاقی کابینہ نے متروکہ وقف املاک بورڈ پر ٹاسک فورس قائم کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا کہ اقلیتی ارکان کو ٹاسک فورس میں شامل کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کابینہ نے پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے سربراہان کے تقرر، نجی ائیرلائنز اور چارٹرز کے لائسنسز میں توسیع سمیت ڈیٹ پالیسی کوآرڈنیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی منظوری دی ۔ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور دہشت گردی میں شہید ہونیوالوں کیلئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں