پمز ہسپتال میں نیورو سائنسز سنٹر موجودہ دور حکومت میں ہی مکمل ہوگا تاہم فوری طور پر اس کی ضرورت نہیں ‘

پرائمری ہیلتھ کیئر کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار

جمعہ 26 اپریل 2019 14:51

پمز ہسپتال میں نیورو سائنسز سنٹر موجودہ دور حکومت میں ہی مکمل ہوگا تاہم فوری طور پر اس کی ضرورت نہیں ‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال میں نیورو سائنسز سنٹر موجودہ دور حکومت میں ہی مکمل ہوگا تاہم فوری طور پر اس کی ضرورت نہیں ہے‘ ملک میں نیورو سے متعلقہ مریضوں کی تعداد 3 سے 5 فیصد ہے جبکہ پرائمری ہیلتھ کیئر کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اور موجودہ حکومت اس پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں رانا تنویر حسین کے پمز ہسپتال میں نیورو سائنسز سنٹر کے قیام کے لئے فنڈز واگزار نہ کرنے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری قومی صحت خدمات نوشین حامد نے بتایا کہ مئی 2018ء میں اس کی ایکنک سے منظوری دی گئی تھی۔ ہم نے اس پر نظرثانی کی ہے اس کو یقینی بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت معاشی مشکلات ہیں۔ یہ میگا پراجیکٹ ہے اس کے لئے بڑے فنڈز درکار ہیں۔

اس میں بہت سے ٹیکنیکل نکتے رکھے گئے تھے اس کے لئے افرادی قوت موجود نہیں ہے اس لئے ایسے ہی عمارت کھڑی کرنے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔ پنجاب حکومت نے کلر کہار میں ایسا ہی ایک جدید ٹراما سنٹر بنایا گیا تھا اور یہاں بیرون ملک سے جدید مشینری بھی منگوا کے رکھی ہوئی ہے تاہم وہ اسی طرح بند پڑی ہے اس کو چلانے کے لئے درکار سٹاف ہی نہیں مل رہا اب وہاں اس عمارت کو ایک ڈسپنسری کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت فوری طور پر نیوروسائنس سنٹر کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ پانچ سو بستروں کا ہسپتال بننا تھا اس کے لئے جگہ بھی موجود نہیں ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس کی فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری پر ساڑھے پانچ کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ اس کے لئے اراضی بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت نیورو سے متعلقہ کیسز تین سے پانچ فیصد ہیں اس کے مقابلے میں متعدی اور مہلک امراض کے مریض کئی گنا زیادہ ہیں ان پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق حکومت نے صحت کا ستیا ناس کیا ہے۔ دنیا بھر میں پرائمری ہیلتھ کیئر پر توجہ دی جاتی ہے۔ ہماری حکومت کی بھی ترجیحات میں پرائمری ہیلتھ کیئر کو مضبوط بنانا شامل ہے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مکمل ہوگا تاہم اس سے پہلے بنیادی امراض پر توجہ کی ضرورت ہے۔ رومینہ خورشید عالم کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سنٹر ہمارے دور میں ہی مکمل ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں