چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان

شبر زیدی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے ٹیکس و ریونیو لگائے جانے کا امکان ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 18 جولائی 2019 11:01

چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2019ء) : چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کو تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق شبر زیدی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے ٹیکس و ریونیو لگائے جانے کا امکان ہے۔

نئے چئیرمین ایف بی آر کے لیے جہانزیب خان اور یونس ڈھاگا کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان شبر زیدی کو ٹیکس اور ریونیو کے امور پر اپنا معاون خصوصی مقرر کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں ایف بی آر میں اصلاحات کا ٹاسک بھی دیے جانے کا امکان ہے۔ شبر زیدی نے اس معاملے پر رد عمل دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس پر خود فیصلہ کریں گے، وہ اس معاملے پر کوئی رائے نہیں دینا چاہتا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایک خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان بھی ٹیکس وصولیوں کے معاملے پر ادارے کی کارکردگی پر مطمئن نہیں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ دو ہفتوں میں دوسری مرتبہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیم کے ساتھ اپنی بدھ کو ہونے والی مجوزہ ملاقات منسوخ کر دی تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے ادارے کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

اعلیٰ سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق بھی کی اور کہا کہ صورتحال کو تکلیف دہ قرار دیا تھا۔ ایک اور پیش رفت کے تحت چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی نے مالیات پر وزیراعظم کا خصوصی معاون بننے سے انکار کر دیا کیونکہ وہ اپنا موجودہ عہدہ زیادہ مؤثر اور مضبوط سمجھتے ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان خود کریں گے کیونکہ وہ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں