پاکستان اور روس کی مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی کا ماسکو میں دوسرا اجلاس

منگل 20 اگست 2019 15:26

پاکستان اور روس کی مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی کا ماسکو میں دوسرا اجلاس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) پاکستان اور روس کی مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی کا دوسرا دور روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) اکرام الحق جبکہ روسی وفد کی قیادت ڈپٹی ڈیفنس منسٹر کرنل جنرل الیگزنڈر وی فومن کررہے تھے۔ ابتدائی سیشن سے قبل دونوں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مختلف بین الاقوامی معاملات پر یکساں موقف پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علاقائی سلامتی کی صورتحال کے علاوہ فوجی تربیت، مشترکہ مشقوں، انٹیلیجنس تعاون اور دفاعی صنعتی پیداوار سے متعلق امور سمیت باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کی نشاندہی پر بھی بات چیت کی گئی۔ فریقین نے اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر موثرعملدرآمد کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ کمیٹی کا تیسرا اجلاس 2020ء میں پاکستان میں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں