آئی ایم ایف کا اعلی سطح کا وفد (آج )پاکستان پہنچے گا

اتوار 15 ستمبر 2019 19:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )کا اعلی سطح کا وفد آج پیر کے روز پاکستان پہنچے گا۔ذرائع کے مطابق وفد کی قیادت آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر برائے مشرق وسطی اور وسط ایشیائی جہاد آزور کریں گے۔وفد میں پاکستان میں فنڈ کے مشن ہیڈ ارنستو رمریز ریگو بھی شامل ہوں گے اور یہ 20 ستمبر تک قیام کرے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفد کی وزیر اعظم عمران خان، مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کے علاوہ دیگر وفاقی و صوبائی حکام سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے وفد کی بھی ملاقات وفد کے شیڈول میں شامل ہے جبکہ ملاقاتوں کے دوران آئی ایم ایف کی جانب سے دئیے گئے اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں میں مجموعی معاشی صورتحال، ٹیکس وصولیاں اور بجٹ خسارے پر بات چیت ہوگی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سرکلر ڈیٹ، خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے معاملات بھی زیربحث آئیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں