انڈس موٹر کمپنی نے پاکستان میں اپنے پلانٹس بند کر دئے

ستمبر کا آدھا سے زائد مہینہ چھٹی کا ہے۔ کمپنی حکام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 ستمبر 2019 13:14

انڈس موٹر کمپنی نے پاکستان میں اپنے پلانٹس بند کر دئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2019ء) : پاکستان میں کار ساز کمپنی انڈس موٹر کمپنی نے اپنے پلانٹس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے مانگ میں کمی کی وجہ سے ستمبر کے بقیہ دنوں میں اپنی پیداوار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا اور''نان پروڈکشن ڈیز'' (این پی ڈیز) یا غیر پیداواری ایام کی تعداد 15 کر دی۔

انڈس موٹرز کے حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ کمپنی کو پہلے ہی جولائی کے مہینے میں 8 این پی ڈیز اور اگست کے مہینے میں 11 سے 12 این پی ڈیز کا سامنا رہا ہے۔ متعدد انجن کی صلاحیت والی گاڑیوں پر لگنے والی 2.5 سے 7.5 فیصد تک کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی)، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی جبکہ درآمد شدہ پارٹس اور خام مال پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی اور شرح سود میں اضافے سے ان کی گاڑیوں کی قیمت مارکیٹ سے کہیں زیادہ ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا تھا کہ ''ستمبر کا آدھا سے زائد مہینہ چھٹی کا ہے۔'' ذرائع نے بتایا کہ انڈس موٹر کمپنی کے پلانٹ اور ملک بھر میں اس کے ڈیلر شپ کے نیٹ ورک میں 3 ہزار سے زائد غیر فروخت شدہ گاڑیاں جمع ہوگئی ہیں۔ ستمبر میں یہ پلانٹ اپنی 50 فیصد صلاحیت پر کام کر رہا تھا۔ اس حوالے سے ٹویوٹا نے بھی تصدیق کی کہ انڈس موٹر کمپنی کی پیداوار 20 ستمبر سے 30 ستمبر تک بند رہے گی۔

انڈس موٹر کمپنی کے پلانٹس بند کرنے کے فیصلے پر موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی شدت اختیار کر گئی ہے اور ایسے حالات میں ہمیں دو وقت کی روٹی کی فکر لاحق رہتی ہے۔ ایسے میں گاڑیوں کی قیمت میں ہونے والے حالیہ اضافے کی وجہ سے نئی گاڑی خریدنا تقریباً نا ممکن ہو گیا ہے۔ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی پیس رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں