عالمی بینک کی رواں سال مہنگائی 12 فیصد ہدف کے مقابلے میں 13 فیصد رہنے کی پیشگوئی

امسال کرنٹ اکائونٹ خسارہ ہدف کے اندر 2.6 فیصد رہنے کی توقع ہے ،معاشی بہتری کیلئے سیاسی اور سکیورٹی خطرات سے نمٹنا ہوگا‘ رپورٹ

پیر 14 اکتوبر 2019 18:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) عالمی بینک نے پاکستان میں رواں سال مہنگائی 12 فیصد ہدف کے مقابلے میں 13 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ایشیائی ممالک کی معیشت سے متعلق عالمی بینک نے رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان میں معاشی ترقی کی رفتار اس سال سست رہے گی جبکہ معاشی ترقی 2.4 فیصد اور اگلے سال 3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

معاشی سست روی کے باعث فی الحال مہنگائی و غربت جیسے مسائل درپیش رہیں گے۔

(جاری ہے)

عالمی بینک نے پاکستان کے قرضوں میں اضافے کی وجہ سابق حکومتوں کی پالیسیاں قرار دیں جبکہ اگلے دو سال سرکاری قرضوں کی شرح بلند رہنے کی پیشگوئی بھی کی ہے ۔آئی ایم ایف پروگرام کے باعث 2021-22 سے معیشت میں مزید بہتری کی توقع ہے جبکہ معیشت میں بہتری کا دارومدار تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی سے مشروط ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سال کرنٹ اکائونٹ خسارہ ہدف کے اندر 2.6 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ مالیاتی خسارہ 7.1 فیصد ہدف کے بجائے 7.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ اگلے سال مزید کم ہوکر 2.2 فیصد پر آجائے گا۔عالمی بینک کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کو معاشی بہتری کیلئے سیاسی اور سکیورٹی خطرات سے بھی نمٹنا ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں