سپریم کورٹ میں نیب کی جانب سے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کر دی

بدھ 19 فروری 2020 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) سپریم کورٹ میں نیب کی جانب سے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔ منگل کو نیب کی جانب سے عدالت عظمی میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیاہے کہ نیب مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے میاں جاوید لطیف کے خلاف انکوائری کررہا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے حکم کی وجہ سے نیب لاھور بیورو میاں جاوید لطیف کو گرفتار نہیں کرسکا، عدالت عالیہ کا حکم نیب بیورو کی انکوائری میں مداخلت ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں عدالت عظمی سے استدعا کی گئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے جاوید لطیف پر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے، ابتدائی تحقیقات میں میاں جاوید لطیف کیخلاف کارروائی کیلئے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں، اس لئے لاہور ہائیکورٹ کے 26 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ لاہورہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ سنایا تھا۔ نیب کی ضمانت منسوخی درخواست میں میاں جاوید لطیف، ان کی والدہ، انکے بیٹے اور چار بھائیوں کو فریق بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں