آل پارٹیز کانفرنس کے بعد سے کچھ حلقوں میں ہلچل مچ گئی، سلیم بخاری

اتنی بڑی زیادتی کوئی پاکستانی فوج کیساتھ نہیں کر سکتا جتنی شیخ رشید نے کردی ہے، تجزیہ نگار کا نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی پیر 28 ستمبر 2020 11:06

آل پارٹیز کانفرنس کے بعد سے کچھ حلقوں میں ہلچل مچ گئی، سلیم بخاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2020ء) تجزیہ نگار سلیم بخاری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد سے کچھ حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ مگر بد قسمتی ان حلقوں کی یہ ہے کہ ان کو ترجمان شیخ رشید جیسے مل گئے۔ میں آپ کو ذمہ داری سے کہہ رہ رہا ہوں جتنا ملبہ شیخ رشید نے فوج کے اوپر ڈال دیا ہے فوج کو دہائیاں لگ جائیں گی اس کو صاف کرنے میں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سلیم بخاری کا مزید کہناتھا کہ شیخ رشید کہتے ہیں سب کام تو فوج کرتی ہے اور یہ لوگ جا ان سے این آر او مانگتے ہیں۔ جب ہم کہا کرتے تھے این آر او دینا عمران خان کا کام نہیں ہے تب تو کسی کو یقین نہیں آیا۔ اب ان کے چہیتے ترجمان نے سارے پردے پھاڑ دیے ہیں۔ اور یہ میں ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں اتنی بڑی زیادتی کوئی پاکستانی فوج کیساتھ نہیں کر سکتا جتنی شیخ رشید نے کردی ہے۔

(جاری ہے)

اور رہی سہی کسر فیاض الحسن چوہان نے پوری کردی آدھے گھنٹے کی پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر اطلاعات نے ہمیں یہ بتایا کہ کون کونسا کام فوج کر رہی ہے اور اگر ان کے بیانات کا جائزہ لیں تو مجھے بتائیں پھر حکومت کیا کر رہی ہے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے رہنماؤں کی کچھ روز قبل بھی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔احسن اقبال اور خواجہ آصف نے عسکری قیادت سے ون آن ون ملاقات کی۔یہ ملاقات کافی دیر تک جاری رہی ہیں اور آج میں مجبورا کہہ رہا ہوں کہ ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ملاقاتیوں میں احسن اقبال کو بھی شامل کریں۔ایک ملاقات میں شہباز شریف اور میں ایک ہی ٹیبل پر تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ احسن اقبال عسکری قیادت کیساتھ دونوں ملاقاتوں میں شریک تھے، پہلی ملاقات 5 گھنٹے، دوسری 3 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ مریم نواز جس دن سچ بولیں گی اس دن ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔ جب لیگی رہنما احسن اقبال نے شیخ رشید کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کے دعوی کے مطابق آرمی چیف سے کوئی ون آن ون ملاقات نہیں کی- تمام پارلیمانی قائدین کی موجودگی میں گلگت بلتستان کے حوالے سے ون پوائینٹ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے وفد کیساتھ شرکت کی- انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی وزراء اپنی سیاست کے لئے قومی اداروں کو سیاسی تنازعہ میں دھکیل رہے ہیں-

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں