آصف زرداری کا نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ،یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر اظہار تشکر

حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی ہے، حکومت کے اپنے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں اور وہ حکومت سے تنگ ہیں،سابق صدر

جمعرات 4 مارچ 2021 13:21

آصف زرداری کا نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ،یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر اظہار تشکر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) سابق صدر آصف زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی بنانے پر دونوں رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

سابق صدر سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ہمارے مشترکہ اور متفقہ امیدوار تھے، ان کی کامیابی پی ڈی ایم کی کامیابی ہے، اسی اتحاد سے عمران خان کو جلد اقتدار سے رخصت کریں گے۔

اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے اپنے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں اور وہ حکومت سے تنگ ہیں، تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کرینگے۔ذرائع کے مطابق تینوں رہنمائوں نے پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی جب کہ وزیراعظم سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں