علی زیدی نے الیکشن کمیشن سے نوٹس پر غیر مشروط معافی کا مطالبہ کر دیا

الیکشن کمیشن کا نوٹس کراچی میں حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لیے مہم کے حقائق کے برعکس ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 17 ستمبر 2021 10:50

علی زیدی نے الیکشن کمیشن سے نوٹس پر غیر مشروط معافی کا مطالبہ کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2021ء) : وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی نے ضلعی الیکشن کمشنر شرقی کراچی سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا اور کہا کہ اگر انہوں نے معافی نہیں مانگی تو قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے درمیان تعلقات اس وقت مزید کشیدہ ہوگئے جب وفاقی کابینہ کے اہم رکن نے آئینی ادارے سے نوٹس جاری کرنے پر غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس کراچی میں حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لیے مہم کے حقائق کے برعکس ہے۔ وزیر بحری امور سید علی زیدی نے کراچی شرقی کے ضلعی الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اگر دو ہفتوں میں ان کا مطالبہ پورا نہیں کیا جاتا تو وہ قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان پر لگائے گئے الزامات حقیقت کے برعکس ہیں اور انہوں نے انتخابات والے دن صرف اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے حلقے کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوٹس جاری کرنا اور میڈیا میں اس کو جس طرح اچھالا گیا وہ بدنام کرنے کے مترادف ہے، میں وزیر بحری امور کے طور پر اپنے حلف اور قانون کے مطابق فرائض انجام دے رہا ہوں، اس لیے اس کے برعکس کوئی بھی دعویٰ واضح طور پر مجھے اور میری جماعت کو بدنام کرنے کے خاص مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات سے قبل انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر گذشتہ ہفتے الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی وزیر کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرنے کے بعد شروع ہوا۔

نوٹس میں وفاقی وزیر کو 48 گھنٹوں میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ علی زیدی اپنے حلقے میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور انہوں نے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرکے قوعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں