معروف شاعر داغ دہلوی کی سالگرہ25 مئی کو منائی جائے گی

اتوار 12 مئی 2024 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) معروف شاعر داغ دہلوی کی سالگرہ25 مئی کو منائی جائے گی۔ بلبلِ ہند،فصیح الملک،عظیم المرتبت اور اردو کے مقبول ترین شاعر داغ دہلوی 25 مئی 1831 کو دہلی میں پیدا ہوئے ۔ ان کا نام محمّد ابراہیم تھا، تخلص داغ تھا لیکن وہ نواب مرزا خان کے نام سے جانے جاتے تھے۔ان کے والد نواب شمس الدین فیروز پور جھرکہ کے والی تھے۔

داغ کی عمر جب چار سال تھی تو ان کے والد نواب شمس الدین خان کودہلی کے ریزیڈنٹ ولیم فریزر کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں پھانسی دے دی گئی تھی۔ 13 سال کی عمر میں ان کی والدہ نےاس وقت کی مغلیہ سلطنت کے ولی عہد مرزا فخرو سے شادی کر لی تھی۔اس طرح داغ کی ذہنی اور علمی تربیت قلعہ کے ماحول میں ہوئی۔

(جاری ہے)

ان کو اپنے وقت کی بہترین تعلیم دی گئی جو شہزادوں اور امراء کے لڑکوں کے لئے مخصوص تھی۔

ان کے نئے انداز کو امام بخش، صہبائی،غالب اور شیفتہ سمیت تمام اہل علم نے سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ داغ ایک ایسے خوش قسمت شاعر تھے جس کے شاگردوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ان کے شاگردوں میں فقیر سے لے کر بادشاہ تک ہر طرح کے لوگ شامل تھے۔ علامہ اقبال، مولانا ظفر علی خان،مولوی محمد دین فوق ، سیماب صدیقی ،بیخود دہلوی،نوح ناروی وغیرہ ان کے شاگرد تھے۔ داغ کو جو مقبولت اپنی زندگی میں ملی وہ کسی شاعر کو نہیں ملی۔ ان کی غزلیں مترنم بحروں میں ہیں ، ان کی زبان آسان،شستہ اور سادہ ہے۔ دا غ دہلوی 17 مارچ 1905 کو حیدر آباد میں وفات پا گئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں