صدرعارف علوی کا اسٹیٹ لائف انشورنش کارپوریشن کو دو مختلف پالیسی ہولڈرز کی بیواؤں کو انشورنس کلیم ادا کرنے کا حکم

پیر 25 اکتوبر 2021 23:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) صدر عارف علوی نے اسٹیٹ لائف انشورنش کارپوریشن کو دو مختلف پالیسی ہولڈرز کی بیواؤں کو انشورنس کلیم ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی مختسب کا بیواؤں کو رقم ادا کرنے کا حکم برقرار رکھا اور اسٹیٹ لائف کی اپیل مسترد کر دی ،مسز نگینہ فاطمہ کے شوہر نے 10 لاکھ روپے اور مسز ریحانہ کوثر کے شوہر نے 4 لاکھ روپے کی انشورنس پالیسی خریدی تھی ،صرف ایک سالانہ پریمیئم ادا کرنے کے بعد دونو ں خواتین کے شوہر انتقال کر گئے تھے ،انشورنس کلیم کا مطالبہ کرنے پر اسٹیٹ لائف نے بغیر نوٹس کے دونوں دعووں کو مسترد کر دیا تھا،دونوں خواتین نے اسٹیٹ لائف کے اس فیصلے کے خلاف وفاقی محتسب کو درخواست دے رکھی تھی ،وفاقی محتسب نے اپنے فیصلے میں اسٹیٹ لائف کو انشورنس کلیم ادا کرنے اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرنے کا حکم جاری کر رکھا تھا،صدر مملکت نے تاخیر سے اپیل دائر کرنے پر اسٹیٹ لائف کی درخواست مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

فیصلہ میں کہاگیاکہ موجودہ قوانین کے تحت تاخیر سے اپیل دائر کرنے کی توثیق نہیں کی جاسکتی ، اسٹیٹ لائف نے مرحوم پالیسی ہولڈرز کے صحت کے متعلق حلف ناموں کو چیلنج نہیں کیا۔ فیصلے کے مطابق اسٹیٹ لائف پالیسی ہولڈرز کی وفات کے بعد دعوے مسترد نہیں کر سکتا ، نوٹس کے بغیر دعویٰ مسترد کیا گیا اور شکایت کنندگان کو شنوائی کا موقع فراہم نہیں کیا گیا ،اسٹیٹ لائف نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے ، درخواست مسترد کی جاتی ہے ، اسٹیٹ لائف انشورنس کلیم کی رقم ادا کرے ، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں