دنیا میں سب سے سستا ملک پاکستان ہے

آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ مشیر خزانہ شوکت ترین

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 اکتوبر 2021 12:14

دنیا میں سب سے سستا ملک پاکستان ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 اکتوبر 2021ء) : مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ دنیا میں سب سے سستا ملک پاکستان ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ توسیعی قرض کے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اصول اور پالیسی سطح کے مذاکرات ہوتے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کا مارکیٹ میں مثبت اثر آئے گا، اس معاہدے کی زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتا۔

سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے امدادی فنڈ سے متعلق مشیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب نے 4.2 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے، سعودی عرب ماہانہ 10 کروڑ ڈالر مالیت کا تیل موخر ادائیگیوں پر فراہم کرے گا، سعودی عرب ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے لئے 3 ارب ڈالر دے گا، سعودی عرب سے ملنے والی رقم ہمارے لیے بہت مفید ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان ہمارے دل میں خاصی اہمیت رکھتا ہے، سعودی عرب نے پاکستان کی مدد میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔

سعودی عرب سے گفتگو چل رہی تھی تاہم معاہدے کے خدوخال پر ہم اب پہنچے ہیں۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کے بارے میں ہم پر دباؤ ہے تاہم اس میں بھی ہم دیگر ممالک کے مقابلے میں عوام کو سہولتیں دے رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ہماری آمدنی کم ہے، اب جو تقابلی جائزہ آیا ہے اس میں پاکستان سستا ترین ملک ہے، تیل کی قیمتوں کے دباؤ کے باوجود عوام کو سہولتیں دے رہے ہیں، ماضی میں تیل پر لیوی لی جاتی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں