متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو پارلیمان، حکومت اور عوام کی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد

متحدہ عرب امارات کی سیاسی قیادت نے اتحاد، ترقی و خوشحالی کی مثالی منزلیں طے کی ہیں، چیئر مین سینٹ کا بیان

جمعرات 2 دسمبر 2021 14:33

متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو پارلیمان، حکومت اور عوام کی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کی 50 ویں سالگرہ پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام کی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سیاسی قیادت نے اتحاد، ترقی و خوشحالی کی مثالی منزلیں طے کی ہیں۔

پاکستان متحدہ عرب امارات کے عوام کی خوشیوں میں شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی اور امن کا فروغ ہمارا مشترکہ ویڑن ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات برادرانہ تعلقات کثیر جہتی تعاون پر محیط ہیں۔ بھائی چارے اور اعتماد کا رشتہ مشترکہ مذہبی و ثقافتی روابط کے باعث مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر مثالی تعاون پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اعتماد اور احترام کو ظاہر کرتا ہے۔

ہمیں ان تعلقات اور بھائی چارے کی فضاء کو مزید تقویت دینے کیلئے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سرمایہ کاری اور کاروباری نقل و حمل کے ذریعے دونوں اطراف کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی وقت کے ہر امتحان پر پورا اتری ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کیلئے نئی کامیابیوں اور ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔ پاکستان۔متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں