عمران خان کی رہائی کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہوگی، علی محمد خان

پی ٹی آئی بڑی جماعت ہے یہ نہیں ہوسکتا اس کو انگیج نہ کیا جائے، میں کسی مذاکرات کا حصہ نہیں نہ ہی اس کی تصدیق کرسکتا ہوں۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 اپریل 2024 15:08

عمران خان کی رہائی کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہوگی، علی محمد خان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بڑی جماعت ہے یہ نہیں ہوسکتا اس کو انگیج نہ کیا جائے لیکن عمران خان کی رہائی کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہوگی۔ ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی اہم ہے، اس حوالے سے باضابطہ مذاکرات کا مجھے علم نہیں ہے، میں کسی مذاکرات کا حصہ نہیں اس لیے نہ ہی ان کی تصدیق کر سکتا ہوں، مذاکرات کہاں ہو رہے ہیں مجھے تو یہ بھی پتا نہیں ہے، تاہم عمران خان کی رہائی ہوتی بھی ہے تو یہ کسی ڈیل کاحصہ نہیں ہوگا کیوں کہ ان کے خلاف قائم مقدمات میں کچھ بھی نہیں مگر انہیں طول دی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے کہ صدرآصف علی زرداری اور ن لیگ کے رہنماء رانا ثناءاللہ نے مذاکرات کی بات کی، مذاکرات کی نوعیت کیا ہے اس پر بات ہونی چاہیئے، حکومت کوچاہیے کہ مذاکرات کے لیے بہتر ماحول فراہم کرے، ہمارے مینڈیٹ سے متعلق حکومت کے پاس کیاروڈ میپ ہے؟ ہمار اسب سے بڑا مطالبہ عمران خان اور دیگر قیدیوں کی رہائی ہے، اگر انہیں رہا کیا جاتا ہے تو اعتماد بحالی کی جانب مثبت قدم ہوگا۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءسینیٹر حامد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا جیل سے باہر آنا ڈیل کے تحت ہی ہو سکتا ہے مگر ایسا کرنے سے انہیں سیاسی نقصان ہوگا،عمران خان جب تک اپنے بیانیے پر قائم رہیں گے وہ لوگوں میں مزید ہردلعزیز ہوں گے، آئین کی بحالی کیلئے جمعہ سے ملک گیر تحریک شروع کررہے ہیں، وکلاءاس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججوں کا خط امید کی کرن ہے، سپریم کورٹ اس معاملہ میں ابھی تک واضح نظر نہیں آئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں