وزیراعظم محمد شہبازشریف عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لئے کل سعودی عرب روانہ ہوں گے

ہفتہ 27 اپریل 2024 15:01

وزیراعظم محمد شہبازشریف عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لئے کل سعودی عرب روانہ  ہوں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف عالمی تعاون، ترقی اور ترقی کے لیے توانائی کے حوالہ سے عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف)کے دو روزہ خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے کل ہفتہ کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم کو فورم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت ولی عہد اور سعودی مملکت کے وزیر اعظم محمد بن سلمان آل سعود اور ڈبلیو ای ایف کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاؤس شواب نے دی تھی۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے ہمراہ وفد میں وفاقی کابینہ کے اہم اراکین بھی شامل ہوں گے۔ اس موقع پر عالمی رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیراعظم صحت، مالیاتی ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، جامع ترقی، علاقائی تعاون اور عالمی ترقی کے لیے توانائی کے مساوی اور پائیدار استعمال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر کو واضح کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ای ایف کے اجلاس کے موقع پر ان کی عالمی رہنماؤں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔عالمی اقتصادی فورم کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کاروباری شعبہ ، حکومت اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 1,000 رہنما عالمی تعاون، نمو اور توانائی برائے ترقی پر خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

28 اور 29 اپریل کو منعقد ہونے والے دو روزہ اجلاس میں تیزی سے بکھرتے ہوئے جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی ماحول سے درپیش چیلنجوں کے درمیان عالمی سطح پر ترقی کی بحالی کے لیے نئے راستوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔واضح رہے کہ گذشتہ سال جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والی افتتاحی گروتھ سمٹ کی بنیاد پر یہ اجلاس 28-29 اپریل کو ریاض، سعودی عرب میں ہو رہا ہے جس میں تین موضوعات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

جن میں عالمی تعاون کی بحالی، جامع ترقی کے لیے ایک جامع اور ترقی کے لیے توانائی پر عمل کو متحرک کرنا شامل ہوں گے۔ فورم سے شمال اور جنوب کی تقسیم کو ختم کرنے میں مدد ملے گی جو ابھرتی ہوئی اقتصادی پالیسیوں، توانائی کی منتقلی اور جغرافیائی سیاسی مسائل کے باعث مزید وسعت اختیار کر چکا ہے۔ اجلاس کے پروگرام میں متعدد اہم عالمی مسائل بھی شامل ہوں گے۔

دو روزہ خصوصی اجلاس کے موضوعات میں جغرافیائی سیاسی ہلچل، خاص طور پر یوکرین اور غزہ کے تنازعات شامل ہیں۔ عالمی سطح پر معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اقتصادی ترقی اور ملازمتوں کی تخلیق کی نئی اقسام کی وضاحت اور ڈیزائن، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں ترقی، سپلائی چینز کی تنظیم نو اور ایک منصفانہ اور پائیدار توانائی کی منتقلی کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں