بادی النظرمیں توہین عدالت ہوئی، چیف جسٹس نے فیصل واڈا، مصطفی کمال کو طلب کرلیا

جمعہ 17 مئی 2024 13:37

بادی النظرمیں توہین عدالت ہوئی، چیف جسٹس نے فیصل واڈا، مصطفی کمال کو طلب کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) سپریم کورٹ میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا کی پریس کانفرنس پر لیے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصل واڈا اور رہنما متحدہ قومی موومنٹ مصطفی کمال کو طلب کرلیا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سپلیمنٹری کیس کی سماعت کی، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بینچ میں شامل ہیں۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے فیصل واڈا کی پریس کانفرنس کی تفصیلات طلب کرلیں۔اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے روبرو پیش ہوئے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دریافت کیا کہ کیا آپ نے پریس کانفرنس سنی توہین عدالت ہوئی یانہیں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ مجھے جو ویڈیو ملی ہے اس کے متعلقہ حصے میں آواز نہیں تھی، کچھ حصہ خبروں میں سنا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ کیا یہ پریس کانفرنس توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہی کوئی مقدمہ اگر عدالت میں زیر التوا ہوتو اس پر رائے دی جاسکتی ہی میرے خلاف اس سے زیادہ گفتگو ہوئی ہے لیکن نظرانداز کیا، میرے نظر انداز کرنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سوچا کہ ہم بھی تقریر کر لیں، لیکن کیا اپ اداروں کی توقیر کم کرنا شروع کردیں گی انہوںنے کہاکہ وکلا ججز اور صحافیوں سب میں ا چھے برے لوگ ہوتے ہیں، برا کیا ہے تو نام لے کر مجھے کہیں ادارے کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، ہوسکتا ہے میں نے بھی اس ادارے میں 500 نقائص دیکھے ہوں،کیا ایسی باتوں سے اپ عدلیہ کا وقار کم کرنا چاہتے ہیں انہوں نے بتایا کہ ادارے عوام کے ہوتے ہیں، اداروں کو بدنام کرنا ملک کی خدمت نہیں، اداروں میں کوتاہیاں ہوسکتی ہیں، میں کسی اور کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا، اگر میں نے کوئی غلط کام کیا ہے تو بتائیں، تنقید کریں، ہم ہر روز ہم اچھا کام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون پر عمل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس کے پاس دلائل ہوں گے وہ ہم ججز کو بھی چپ کرادے گا، میں نے اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ ادارے کے لیے حلف لیا ہے۔انہوںنے کہاکہ کیا چیخ پکار کرکے اپ ادارے کی خدمت کررہے ہیں میں مارشل لا کی توثیق کرنے والوں کا کبھی دفاع نہیں کروں گا، اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو اس کی سزا دیگر ججز کو نہیں دی جا سکتی، بندوق اٹھانے والا سب سے کمزور ہوتا ہے کیونکہ اس کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہوتا، دوسرے درجے کا کمزور گالی دینے والا ہوتا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ ایک کمشنر نے مجھ پر الزام لگایا، بھئی بتاو تو صحیح چیف جسٹس کیسے دھاندلی کروا سکتا ہی سارے میڈیا نے اسے چلا دیا، مہذب معاشروں میں کوئی ایسی بات نہیں کرتا اس لیے وہاں توہین عدالت کے نوٹس نہیں ہوتے، چیخ و پکار اور ڈرامہ کرنے کی کیا ضرورت ہے، تعمیری تنقید ضرور کریں لیکن تنقید کی ایک حد ہونی چاہیے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ان کے بعد ایک اور صاحب آگئے جن کا نام مصطفی کمال ہے، انہوں نے بھٹو کا ذکر کیا، بھائی اگرہم نے غلط کیا ہے تو بتائیں، بھٹو کے بارے میں آپ نے کیا کیا ہی ذوالفقار علی بھٹو کو ہم زندہ تو نہیں کر سکتے لیکن غلطی تو مان لی، صرف ایک کام کرنا ہے کہ ادارے کو بدنام کرنا ہے، آپ نے بڑی جدوجہد کردی تقریر کرکے لیکن بہتری کے لیے کوئی بھی تحریری طور پر نہیں جاتا، آپ نے تقریر کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کریں نا، پریس کلب کیوں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بتایا کہ کیا کسی صحافی نے ان سے سوال کیا کہ یہاں کیوں بول رے ہیں بس ان کو سامعین چاہیے، فیصل واڈا کے بعد مصطفی کمال بھی سامنے آ گئے، دونوں ہی افراد پارلیمنٹ کے ارکان ہیں تو ایوان میں بولتے، ایسی گفتگو کرنے کے لیے پریس کلب کا ہی انتخاب کیوں کیا پارلیمان میں بھی ججز کے کنڈکٹ پر بات نہیں کی جا سکتی، ہمیں پتا ہے ہمارا انڈیکس میں نمبر 137 یا جو بھی ہے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ باپ کے گناہ کی ذمہ داری بیٹے کو نہیں دی جاسکتی، اسی عدالت نے مارشل لا کی بھی آئینی توثیق کی ہے، اگر ایک ممبر قومی اسمبلی غلط ہے تو سارے پارلیمان کو غلط نہیں کہہ سکتے، ہمیں پتہ ہے ہماری عدلیہ کون سے نمبر پر ہے،گالیاں دینا مناسب نہیں، ہر چیز پر حملہ نہ کریں ،آپ ادارے کو تباہ کر رہے ہیں، اگر توہین عدالت کی کارروائی چلائی تو کیس میں استغاثہ کون ہو گا انہوں نے بتایا کہ استغاثہ اٹارنی جنرل ہوں گے۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ اب وزن اپ کے کندھوں پر ہے،کیا شوز کاز نوٹس ہونا چاہیے یا صرف نوٹس ہونا چاہیی ملک کا ہر شہری عدلیہ کا حصہ ہے، جرمنی میں ہٹلر گزرا ہے وہاں آج تک کوئی رو نہیں رہا، غلطیاں ہوئیں انہیں تسلیم کر کہ آگے بڑھیں، اسکول میں بچے غطی تسلیم کرے تو استاد کا رویہ بدل جاتا ہے۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے فیصل واڈا اور مصطفی کمال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا اور ان کو 2 ہفتے میں جواب جمع کروانے کا حکم دیدیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ فیصل واڈا اور مصطفی کمال کو نوٹس جاری کرتے ہیں، دونوں کو بلا لیتے ہیں، ہمارے منہ پر آکر تنقید کر لیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 5 جون تک ملتوی کردی۔اس کے بعد سپریم کورٹ نے کارروائی کا حکمنامہ لکھوانا شروع کردیا۔حکم نامے کے مطابق بادی النظر میں توہین عدالت ہوئی ہے، فیصل واڈا اور مصطفی کمال اپنے بیانات کی وضاحت کریں، دونوں رہنمائوں سے 2 ہفتے میں جواب طلب کیا گیا ہے، عدالت نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)سے پریس کانفرنس کی ویڈیو ریکارڈنگ اور ٹرانسکرپٹ بھی طلب کر لیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں