بنوں اور مستونگ میں ہونے والے دھماکے افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، وفاق المدارس العربیہ

جمعہ 13 جولائی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) بنوں اور مستونگ میں ہونے والے دھماکے افسوسناک اور قابل مذمت ہیں،دونوں دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں،دہشت گردی کی حالیہ لہر کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے،سانحات کی منصفانہ تحقیقات قوم کے سامنے لائی جائیں اور ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر،مولانا انوارالحق،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے بنوں اور مستونگ میں ہونے والے دھماکوں پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا-وفاق المدارس کے قائدین نے دونوں واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس کے قائدین نے دہشت گردی کی حالیہ لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا-انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئے روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی منصفانہ تحقیقات قوم کے سامنے لائی جائیں اور ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں