او پی ایف اور برٹش کونسل اسلام آباد کے مابین او پی ایف تعلیمی اداروں کی بہتری کے لئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی یادداشت پر دستخط

جمعرات 16 اگست 2018 17:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) اور برٹش کونسل اسلام آباد نے ایک اہم سنگ میل کی بنیاد رکھتے ہوئے او پی ایف کے تعلیمی اداروں کی بہتری کے لئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت برٹش کونسل او پی ایف کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور دیگر عملے کو آنے والے دو سالوں میں مختلف تعلیمی شعبہ جات میں تربیت فراہم کرے گی۔

اس تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف ڈاکٹر عامرشیخ، ڈائریکٹر جنرل (ایجوکیشن) رائے مبشر احمد خان، ہل ہارسٹ روزمیری کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل پاکستان اور دونوں اداروں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف ڈاکٹر عامر شیخ نے او پی ایف کے تعلیمی اداروں کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ او پی ایف سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کو جدید تقاضوں کے عین مطابق تعلیم مہیا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

او پی ایف اس وقت پورے ملک میں 24 تعلیمی ادارے چلا رہا ہے جس میں 18000 سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ او پی ایف کے تعلیمی اداروں میں سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کو ٹیوشن فیس کی مد میں 50 فیصدتک کی رعایت حاصل ہے۔ او پی ایف اپنے اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کرتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برٹش کونسل کی کنٹری ڈائریکٹر روزمیری نے او پی ایف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امیدکا اظہارکیا کہ اس تربیتی پروگرام کے توسط سے اوپی ایف کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری آئے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں