ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبہ میں کام کرنے والی تمام ورکرز یونینز کا ملک گیر سطح پر فیڈریشن کے قیام کا اعلان

منگل 18 ستمبر 2018 20:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبہ میں کام کرنے والی تمام ورکرز یونینز نے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ملک گیر سطح پر فیڈریشن کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ نئی قائم ہونے والی فیڈریشن ملک بھر میں ٹیکسٹائل و گارمنٹس سیکٹر میں کام کرنے والے لاکھوں مرد و خواتین کارکنوں کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرے گی۔

پاکستان ٹیکسٹائل، گارمنٹس، لیدر ورکرز فیڈریشن (پی ٹی جی ایل ڈبلیو ایف) کے نام سے فیڈریشن کے قیام کا اعلان یہاں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا جس سے محنت کش یونینز کے اہم رہنمائوں نے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان ورکرز فیڈریشن (پی ڈبلیو ایف) کے مرکزی جنرل سیکرٹری ظہور اعوان، پی ٹی جی ڈبلیو ایف کے صدر ایما اسلم وفا، پی ڈبلیو ایف کے مرکزی مہتمم چوہدری محمد یعقوب اور فریڈرک ایبرٹ سٹفٹنگ (ایف ای ایس) کے نمائندہ عبدالقادر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محنت کش رہنمائوں نے اس موقع پر ملک میں محنت کشوں کو درپیش مجموعی مسائل پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ فیڈریشن کے عہدیداروں کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ اس کا اعلان جلد ہی جنرل باڈی کے ایک اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔ محنت کش رہنمائوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کا شعبہ پاکستان کا سب سے بڑا صنعتی شعبہ ہے جس میں کام کرنے والے محنت کشوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے تاہم بدقسمتی سے یہی شعبہ سب سے زیادہ استحصال کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں محنت کشوں کی 40 فیصد تعداد ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ ہے اور ملکی برآمدات میں ان کا حصہ 62 فیصد سے زیادہ ہے۔ اسی طرح پاکستان کپاس پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جس میں عورتوں کی بڑی تعداد محنت کش کی حیثیت سے مختلف امور سرانجام دیتی ہے تاہم بدقسمتی سے اس شعبہ میں کام کرنے والے محنت کش اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور کم از کم تنخواہوں پر عملدرآمد، کنٹریکٹ ملازمتوں، مستقل ملازمتوں پر دیہاڑی دار ملازموں کی تقرری، یونین کے قیام اور اندراج، جبری برطرفیوں، مہنگا حصول انصاف اور ایسے ہی لاتعداد مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں