پاکستان عظیم ثقافتی ورثہ کا امین ملک ہے ،ماضی کی کئی تہذیبوں کے آثار نمایاں ہیں،

گندھارا تہذیب آثار قدیمہ کی حفاظت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،سیاحوں کی گفتگو

پیر 24 ستمبر 2018 17:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان عظیم ثقافتی ورثہ کا امین ملک ہے جہاں پر ماضی کی کئی تہذیبوں کے آثار نمایاں ہیں، گندھارا تہذیب بھی ان میں سے ایک ہے جس کے آثار ٹیکسلا کے نواح میں موجود ہیں، سیاحوں کی بڑی تعداد ان آثار قدیمہ کو دیکھنے کے لئے آرہے ہیں ،سیاحوں کا کہنا ہے کہ ان آثار قدیمہ کی حفاظت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیکسلا ایک بہت قدیم شہر ہے جس کا پرانا نام مقامی زبان میں سرائے کالا تھا۔ ٹیکسلا شہر پشاور جی ٹی روڈ پر اسلام آباد سے شمال مغرب کی جانب صوبہ پنجاب میں واقع ہے، یہ بدھ مت کا مرکز رہا ہے۔ ٹیکسلا، دنیا میں سب سے زیادہ مشہور آثار قدیمہ کی جگہوں میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

مارگلہ کی پہاڑیوں کو پار کرنے کے بعد، جی ٹی روڈ پر سفر کرتے ہوئے دائیں ہاتھ پر خان پور جھیل روڈ پر4 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

یہ گندھارا آرٹ کی باقیات کیلئے مشہور ہے۔ دنیا کی مشہور گندھارا مجسمہ اور ثقافت کا مرکز رہا ہے۔ 1918ء میں اس میوزیم کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا تھا اور1928ء میں اس میوزیم کی تعمیر شمالی نگارخانہ حکومت پاکستان کی مدد سے تعمیر کی گئی۔ آج پاکستان سے اور تمام دنیا بھر سے زائرین اس پرانی تہذیب کے باقیات کو دیکھنے کے لئے آتے ہیں۔یہ میوزیم 600 قبل مسیح سے 700 قبل مسیح کے بارے میں ہے جو گندھارا آرٹ کی باقیات کے مجموعے رکھتا ہے۔

عالمی ثقافتی ورثہ اور تاریخ کے لحاظ سے یہ ایک بہت اچھا میوزیم ھے جس سے تاریخ پڑھنے والے بھی بھر پور استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس میوزیم میں بدھ مت کی مورتیوں کے بہت سے مجموعوں کو رکھا گیا ہے جنہیں آثار قدیمہ کی کھدائی کے کام کے دوران ٹیکسلا سے دریافت کیا گیا۔اس وقت میوزیم میں 4 ہزار اشیائ دیکھنے کے لئے رکھی گئی ہیں جن کی عمر 600 قبل مسیح سے 700 قبل مسیح تک بتائی جاتی ہے۔

دو درجن کے قریب بدھ سٹوپہ بدھ مت زائرین اور سیاحوںکو دکھانے کیلئے میوزیم میں رکھے گئے ہیں اور کچھ سٹوپے اصلی حالت میں ہیں جیسے کھدائی کے عمل کے دوران دریافت کئے گئے مگر کچھ کی مرمت کرکے ان کو پیش کیا گیا ہے۔ ٹیکسلا پتھر کے کام کیلئے مشہور ہے۔ ٹیکسلا کے مقامی لوگوں نے گندھارا آرٹ کو گھریلو صنعت کے طور پر اپنا لیا ھے۔اس عظیم ثقافتی ورثے کی حفاظت وبحالی کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔تاکہ اس عظیم ورثے کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بنایا جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں