ماحول کو صاف رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے،

عوام الناس کے اندر ماحولیاتی آلودگی کے متعلق آگاہی پیدا کی جائے، اسلام آباد میں ماحول کی بہتری کیلئے شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبے تشکیل دے رہے ہیں وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی سربراہ گرین فورس اور چئرپرسن کریم خان آفریدی ویلفیئر فاؤنڈیشن سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 26 ستمبر 2018 20:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ اپنے ماحول کو صاف رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی میں گرین فورس کے سربراہ بلال حق اور کریم خان آفریدی ویلفیئر فاؤنڈیشن کی چئرپرسن کرسٹینا وان سپرلنگ کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی خضر حیات خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بلال حق نے اسلام آباد انوائرمنٹ کمیشن 2015ء سے متعلق مشیر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ گرین فورس کے ممبران نے کہا کہ اسلام آباد انوائرمنٹ کمیشن کی رپورٹ آنے کے باوجود گذشتہ ادوار میں ماحول کی بہتری کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں ماحولیاتی آلودگی میں روز بروز اضافہ ہوتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملک امین اسلم خان نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام الناس کے اندر ماحولیاتی آلودگی کے متعلق آگاہی پیدا کی جائے، گھر گھر یہ پیغام پہنچانا ہو گا کہ اپنے گردونواح کو صاف ستھرا رکھیں۔ گرین فورس کے ممبران نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسلام آباد میں پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کی حوصلہ افزائی کی جائے، گرین بیلٹ، پارکوں اور مارگلہ کی پہاڑیوں کے اطراف تجاوزات کی حوصلہ شکنی کی جائے، نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کیلئے قانون سازی کی جائے اور حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے۔

ملک امین اسلم خان نے کہا کہ صاف ماحول کی فراہمی محض ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مذہبی فریضہ ہے اور ہم اس ماحول کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام بروئے کار لائیں گے۔ اس سلسلہ میں ہم دیگر متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ماحول کی بہتری کیلئے ہم شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبے تشکیل دے رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہم نے ای پی اے سمیت وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں