سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 141.93 ارب روپے کی لاگت کے 5 منصوبے منظور، 140.96 ارب روپے لاگت کے 3 منصوبے ایکنک کو بھجوا دیئے

بدھ 17 اکتوبر 2018 16:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 141.93 ارب روپے کی لاگت کے 5 منصوبے منظورکئے ہیں جبکہ 140.96 ارب روپے لاگت کے 3 منصوبے مزید منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیئے ہیں۔ بدھ کو سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین و وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی ، خوراک و زراعت ، صحت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ ، ٹرانسپورٹ و مواصلات سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے۔ اجلاس میں وزارت توانائی نے صوبہ پنجاب میں پاور سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 220 کلو واٹ فقیریان سے لڈے والا تک گرڈ سٹیشن کی تعمیر کے لیے 5504 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س نے حتمی منظوری کے یے ایکنک بھجوا دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خوراک و زراعت سے متعلق 691.564 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کا مقصد ڈی آ ئی خان ایرڈ زون ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی اپ گریڈیشن کے علاوہ فاٹا اور خیبر پختونخوا کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں زراعت کی پیداوار کو بہتر بنانا ہے اس منصوبے کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے 67503.625 ملین روپے کا لاہور میں پانی کی فراہمی اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کے تحت باقاعدہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار کا اس منصوبے کے لیے کہنا تھا کہ لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے اور اس شہر میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو صاف پانی مہیا کرنا بہت ضروری ہے تاہم اس منصوبے کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیاگیا۔ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ مواصلات کے شعبے میں 67953 ملین روپے کی لاگت کا پشاور میٹرو بس کا منصوبہ پیش کیا گیا اوراس منصوبے کا مقصد کے پی کے کے صوبائی دارالحکومت پشاور کی عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر کرنا ہے جسے اجلاس نے حتمی منظوری کے لیے اس منصوبے کو بھی ایکنک بھجوا دیا۔

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں وزارت صحت حکومت سندھ کی جانب سے سندھ میں صحت کے نظام کی مانیٹرنگ میں بہتری اور استحکام کے لیے 281.025 ملین روپے لاگت کا منصوبہ پیش کیا جسے اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں 1094.22 ملین روپے لاگت کے دو پوزیشن پیپرز بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں