اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے دیہی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جائے،

سی آئی ڈی اور سی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو متحرک کر کے آپریشن کی کامیابی کو یقینی بنائے‘ آئی جی اسلام آباد

پیر 10 دسمبر 2018 23:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے دیہی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جائے، سی آئی ڈی اور سی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو متحرک کر کے آپریشن کی کامیابی کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار ایک اہم اجلاس سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد فیصل علی راجہ ،ایس ایس پی آپریشنز وقار الدین سید،اے آئی جی سپیشل برانچ مجاہد اکبر،ایس ایس پی سی ٹی ایف سید محمد امین بخاری،اے آئی جی آپریشنز سردار غیاث گل،ایس پی سپیشل برانچ زبیر احمد شیخ،ڈی ایس پی سپیشل برانچ اور ڈی ایس پی سی آئی اے حاکم خان نے شرکت کی ،آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی ایف،آپریشنز ڈویژن اور سپیشل برانچ کو وفاقی دارلحکومت کی سکیورٹی کو موثر بنانے اور جرائم کے خاتمہ کے لئے مشترکہ طورپر لائحہ عمل تیار کرنے کے احکامات دئیے،انہوں نے دہشت گردی جیسے واقعات کو روکنے کے لئے فوری ضلع بھر میں جبکہ خصوصی طورپر مضافاتی علاقہ جات میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ و کومبنگ آپریشنز فوری طور پر شروع کرنے کے احکامات بھی دئیے،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ناکہ جات کو مضبوط کیا جائے اور ہر شفٹ میں افسران و ملازمان کو بریف کر کے ڈیوٹی پر بھیجا جائے ،ضلع بھر میں پٹرولنگ اور سٹاپ اینڈ سرچ آپریشنز شروع کئے جائیں تاکہ دہشت گردی اور کرائم کے کی جمود کو توڑا جا سکے ،تمام افسران مل کر شہر سے منشیات کا قلع قمع کریں ،کسی بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے دن اور رات کو سٹینڈ بائی ریزروز موجود ہوں اور ان ریزروز کی ڈرل اور اینٹی رائٹ گئیر پر کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ،شہر میں زیادہ سے زیادہ ماک ریہرسل کی جائیں تاکہ آپریشنل افسران و ملازمان کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار رہیں ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں