ہم قبائلی نوجوانوں کو سماجی اور معاشی طور پر قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لئے پرعزم ہیں،محمد عثمان ڈار

بدھ 16 جنوری 2019 16:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ہم قبائلی نوجوانوں کو سماجی اور معاشی طور پر قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایمپلائمنٹ ٹریننگ اور سائیکو سوشل سپورٹ کے ذریعے خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کے استعداد کار میں اضافے سے متعلق سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

یہ سیمینار فاٹا میں دہشت گردی کے متاثرین کی بحالی کے لئے اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی دفتر (یو این اوسی ٹی) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مشترکہ منصوبہ کے تحت منعقد کیا گیا۔اس منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت خیبرپختونخوا کے 10 قبائلی اضلاع میں 100لڑکوں اور لڑکیوں کو چھ ماہ کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ اس کے بعد تین ماہ کی آن جاب ٹریننگ دی جائے گی جس کا مقصد نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتوں کے ذریعے بہتر ملازمت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے میں نہ صرف پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام (سی وی ای) پر بلکہ پرتشدد انتہا پسندی کے بچائو (پی وی ای) پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔اس میں دہشت گردی سے متاثرہ قبائلی نوجوانوں کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے اور مفید شہری بنانے کے لئے کھیلوں اور تخلیقی سہولیات کے ذریعے نفسیاتی و سماجی تعاون ، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے دفتر (یو این او سی ٹی) ، پاک فوج ، فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، یو این ڈی پی اور آئی ایل او سمیت دیگر متعلقہ فریقوں کے خیبرپختونخوا کے متاثرہ قبائلی نوجوانوں کی بحالی کے لئے ان کے عزم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ اخراجات پر نظر ثانی کرکے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں