حکومت علاقائی تعاون بڑھا رہی ہے، چین، بھارت، ایران اور افغانستان سے قریبی تجارتی روابط کی ضرورت ہے،

چیئرمین پاکستان اکانومی واچ بریگیڈئیر (ر) محمد اسلم خان

جمعرات 17 جنوری 2019 22:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈئیر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ حکومت علاقائی تعاون بڑھا رہی ہے کیونکہ خطے کے ممالک سے دور رہ کر ترقی کرنا ناممکن ہے، دور دراز ممالک کو ترجیح دینے کے بجائے چین، بھارت، ایران اور افغانستان سے قریبی تجارتی روابط کی ضرورت ہے جس کے بغیر غربت کا خاتمہ ناممکن ہے۔

بریگیڈئیر(ر) محمد اسلم خان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت میں سیاسی کشمکش کی موجودگی میں خطے کی ترقی ناممکن ہے۔ عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوںممالک دو ارب ڈالر کی تجارت کر رہے ہیں جسے سینتیس ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔پاکستان اوربھارت نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر محصولاتی اور غیر محصولاتی رکاوٹیں عائد ہیں جنھیں بتدریج ختم کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے سیاسی کشیدگی کو ختم کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان اب تنہائی سے نکل آیا ہے۔دوست ممالک امداد دے رہے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری بھی کی جا رہی ہے۔ پاکستان ایران اور ترکی قدرتی حلیف ممالک ہیں اور مل کر اپنی قسمت بدل سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایران اور ترکی سے تعلقات مزید مستحکم کرنے اور تجارت بڑھانے کا اس سے اچھا وقت نہیں آئے گا اس لئے اس میں دیر نہ کی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں