آئی بی کی خالی آسامیوں پر میرٹ پر آئے ہوئی1ہزار2سو21نوجوانوں کے بذریعہ این ٹی ایس لئے گئے تمام ٹیسٹ منسوخ

متاثرین نے ڈیڑھ سال کے طویل انتظار کے بعد میرٹ کی دھجیاں بکھیرنے کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنادینے کی کال دے دی

منگل 26 مارچ 2019 21:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) حکومت نے انٹیلی جنس بیورو(آئی بی ) کی خالی آسامیوں پر میرٹ پر آئے ہوئی1ہزار2سو21نوجوانوں کے بذریعہ این ٹی ایس لئے گئے تمام ٹیسٹ منسوخ کر دیئے۔ متاثرین نے ڈیڑھ سال کے طویل انتظار کے بعد اچانک بھرتیوں کے عمل کو روکنے اورمیرٹ کی دھجیاں بکھیرنے کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنادینے کی کال دے دی۔

متاثرین کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے پڑھے لکھے میرٹ پر آئے 1ہزار 2سو 21 نوجوانوں کو بے روزگار کردیاہے۔ 6 اگست 2017 ئ کو محکمہ انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) میں مختلف نشستوں پر آسامیاں مشتہر ہوئیں اور 14 اکتوبر2017ئ کو بذریعہ این ٹی ایس ٹیسٹ لیا گیا جس میں ملک بھر کے بے روزگار نوجوانوں نے ٹیسٹ دیا جن نوجوانوں نے این ٹی ایس کوالیفائی کرلیا انہیں شارٹ لسٹ کرکے (Skill Test) کے لئے بلایا گیا۔

(جاری ہے)

اسمیں کامیاب ہوجانے والوں سے پھرآئی کیوٹیسٹ (Psychometric )لیا گیا اور اس کے بعد جنہوں نے آئی کیوٹیسٹ پاس کیا ان امیدواروں کو 11 اگست 2017ئ کو انٹرویو لیٹر جاری کیے گئے۔ اسی دوران پی ٹی آئی کی حکومت آگئی اور اچانک سارے عمل کو روک دیا گیا۔ مارچ 2019 ئ کوانٹیلی جنس بیورو حکام نے ڈیڑھ سال سے چلنے والے اس طویل اور شفاف عمل کو بلاجواز بذریعہ ایس ایم ایس منسوخ کردیا۔

حکومت روز گار دینے کے وعدے کرتے ہوئے اقتدار میں آئی اور میرٹ کی بالادستی کا کہتی رہی یہاں 1221 نوجوانوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔متاثرین کے مطابق ہماری وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ ان بھرتیوں کے عمل کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ تمام مراحل عبور کرکے تین کڑے امتحانات پاس کرنے اور انٹرویو لیٹر جاری ہوجانے کے باوجود سارے عمل کو منسوخ کر کے آگے آنے والے نئے اشتہار پر درخواستیں طلب کرنا نہ صرف کھلا میرٹ کا قتل ہے بلکہ پی ٹی آئی کے حکومتی منشور کی بھی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے گزارش ہے کہ بیروزگار نوجوانوں کا مزید استحصال نہ کیا جائے اور منسوخ کردہ بھرتیوں کے عمل کو واپس بحال کیا جائے اور اس عمل کے مکمل ہونے سے پہلے ان اسامیوں پر نئے اشتہارات شائع نہ کئے جائیں بصورت دیگرہم نہ صرف ملک کے مختلف شہروں و صوبوں اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہوجائیں گے بلکہ حکومت کا بائیکاٹ کرکے اپنے حق کے حصول اور انصاف کیلئے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔۔۔ظفر ملک

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں