ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی اثاثوں کو منظرعام پر لانے کیلئے نئی مجوزہ سکیم کو زیادہ پرکشش اورجامع بنانے کی ہدایت

منگل 23 اپریل 2019 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) خزانہ، محصولات اوراقتصادی امورکیلئے وزیراعظم کے مشیرڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکو اثاثوں کو منظرعام پر لانے کیلئے نئی مجوزہ سکیم کو زیادہ پرکشش اورجامع بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ رسمی معیشیت سے باہر رہ جانیوالے زیادہ سے زیادہ افراد کو ملکی معیشیت کا حصہ بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ ہدایات منگل کویہاں اثاثوں کومنظرعام پرلانے کی سکیم (ایسیٹ ڈکلیریشن سکیم) کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود، ادارہ جاتی اصلاحات اورکفایت شعاری کیلئے وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹرعشرت حسین ، وزیرمملکت محصولات حماد اظہر، چئیرمین ایف بی آر اوربزنس ، اکائونٹنگ اوربنکنگ کے شعبہ کے ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مجوزہ سکیم کے مختلف پہلووں کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا اور سکیم کو سادہ اورقابل عمل بنانے پر زوردیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے مجوزہ سکیم کے حوالے سے اپنی رائے دی اورتجویز پیش کی کہ چونکہ اس سکیم کا بنیادی مقصد معیشیت کو دستاویزی بنانا ہے اسلئے اس سکیم کو اسی تناظر میں مرتب کرناچاہئیے تاکہ معیشیت کو دستاویزی بنانے کا ہدف پوراکیا جاسکے۔

وزیراعظم کے مشیرڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکوسکیم کو زیادہ پرکشش اورجامع بنانے کی ہدایت کی تاکہ رسمی معیشیت سے باہر رہ جانیوالے زیادہ سے زیادہ افراد کو ملکی معیشیت کا حصہ بنایا جاسکے۔انہوں نے ایف بی آر کو ابلاغ کی کامیاب حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ عام لوگ اس سکیم کے خدوخال کو آسانی سے سمجھ سکیں۔یادرہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ نے بھی ایف بی آر کو مختلف شعبوں کے ماہرین سے مشاورت کی ہدایت کی تھی تاکہ ایمنسٹی سکیم کو زیادہ جامع اورآسان بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں