وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری کی پاکستانی لیبارٹریوں کے تعاون اور معاونت کی خدمات یوکرائن کو فراہم کرنے کی پیشکش

جمعہ 26 اپریل 2019 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے پاکستانی لیبارٹریوں کے تعاون اور معاونت کی خدمات یوکرائن کو فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ وہ پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادی میر لکوموف سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے یوکرائن کے سفیر کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کام اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے حالیہ خود کش حملوں جن میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، کے بعد ان حملوں کی تحقیقات کے لئے سری لنکا کی طرف سے پاکستان سے فرانزک معاونت کی درخواست کا حوالہ دیا۔ انہوں نے یوکرائن کے سفیر کو ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ترقی یافتہ ملکوں کی طرف سے سکول اڈاپٹ کرنے کی اپنی خواہش کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ ان سکولوں کو جدید ادارے بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یوکرائن سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر نے تیسری دنیا کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی پر بین الاقوامی بات چیت کا اہتمام کرانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا اور یوکرائن کے سفیر سے کہا کہ وہ اس بات چیت میں شرکت کے لئے یوکرائن کے سائنسدانوں اور ماہرین کو بھجوائیں۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں سکینگ کمپنیوں کو لانے اور پاکستان جو کہ شمالی علاقوں میں سکینگ کے لئے موزوں مقامات کا حامل ہے، سکینگ کے ایونٹس کے انعقاد کے لئے یوکرائن کے سفیر سے تعاون کی درخواست کی۔

انہوں نے کھیلوں میں یوکرائن کے کردار اور اولمپکس میں اس کی کامیابیوں کو سراہا۔ اس موقع پر یوکرائن کے سفیر نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں فنی تعلیم کی ترقی کے لئے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ساتھ کام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے یوکرائن کی حکومت کی طرف سے پاکستان میں جدید خطوط پر فنی تعلیم کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے یوکرائن کی سرگرم شخصیت اورلانو کو دونوں ممالک کی حکومتوں اور مختلف شعبوں کے مابین تعاون بڑھانے کے لئے نامزد کیا ہے۔ ملاقات میں دونوں اطراف نے انسانی شعبوں کے علاوہ دفاع کے شعبہ میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ یوکرائن کے سفیر نے یوکرائن کی یونیورسٹیوں میں اردو زبان متعارف کرانے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں