سینیٹر دلاور خان کی زیر صدارت ایوان بالا کی خصوصی کمیٹی برائے سینیٹ سفارشات پر عملددرآمد کا اجلاس

پیر 24 جون 2019 21:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے سینیٹ سفارشات پر عملددرآمد کا اجلاس کنونیئر کمیٹی سینیٹر دلاور خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر سجاد حسین طوری کے ایوان بالاء میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ برائے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بنک بائیو میٹرک سسٹم کے حوالے سے درپیش مسائل کے علاوہ بیچلر ان ایسٹرن میڈیسن اینڈ سسٹم (بی ای ایم ایس) اور ایم بی بی ایس ڈگری کی مساوی حیثیت کے نہ ہونے کے مسئلہ کو زیر بحث لاتے ہوئے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ہومیوپیتھک پریکٹشنر ایکٹ1965 کے مطابق 1980 بنائے گئے قوانین میں ڈگری کے نام میں واضح طور پر لفظ سسٹم لکھا گیا تھا جو بعد ازاں 2014 میں غیر سرکاری طور پر سرجری لکھ دیا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ بیچلر ان ایسٹرن میڈیسن اینڈ سسٹم طب کی سند ہے اور نیشنل کونسل فار طب کے مطابق بیچلر ان ایسٹرن میڈیسن اینڈسسٹم کی ڈگری رکھنے والا طبیب کی خدمات سرانجام دے سکتا ہے اور اس کا ایم بی بی ایس ڈاکٹر کے مساوی خدمات سرانجام دینا غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں 18 جون2019 کو بی ای ایم ایس کے نام کی درستگی کر کے بیچلر ان ایسٹرن میڈیسن اینڈسسٹم ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

کنونیئر کمیٹی سینیٹر دلاور خان نے تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد بی ای ایم ایس کو خالصتاً طب کی ڈگری قرار دیتے ہوئے ڈگری ہولڈرز کو صرف اپنے شعبے میں طبیب کے طور پر خدمات سرانجام دینے اور وزارت صحت کو اس مسئلے کو 45دن کے اندر حل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ سینیٹر سجاد حسین طوری کے بائیو میٹرک سسٹم کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے اٹھائے گئے معاملہ کو زیر بحث لاتے ہوئے کنونیئر کمیٹی سینیٹر دلاور خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ملکی معیشت کا اہم ستون قرار دیا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کو بڑھانے میں بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کو آسانیاں فراہم کرنے کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنی چاہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو اپنے حصے کا کام بروقت بخوبی سرانجام دینا چاہیے۔کمیٹی کو بتایاگیا کہ بنک بائیو میٹرک تصدیق کے اندراج کیلئے بیرون ملک مقیم افراد کے ساتھ ساتھ معذور اور بزرگ شہریوں کو بھی مسائل درپیش ہیں۔ان مسائل کو حل کرنے کیلئے سٹیٹ بنک آف پاکستان نے بیرون ملک افراد، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کو اس سسٹم میں اندراج کیلئے بنک جانا غیر لازم قرار دیتے ہوئے ضروری دستاویزات جمع کرانے کے ساتھ بنک جانے سے استثنیٰ دے دیا۔

تاہم کمیٹی نے بیرون ملک مقیم افراد کیلئے قوانین میں مزید آسانیاں پید اکرنے کی سفارش کی تاکہ جلد ازجلد عید الاضحی سے پہلے اس مسئلے کو حل کیا جا سکے اور عید کے موقع پر ملکی معیشت میں مزید اضافہ ہوسکے اور ہنڈی کو کنٹرول کیا جا سکے۔ اس معاملہ کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے کمیٹی نے اگلے اجلاس میں ون پوائنٹ ایجنڈا لے کر تمام متعلقہ ادروں بشمول، وزارت خارجہ کے نمائندوں کو طلب کر لیا اور بائیو میٹرک تصدیق کی آخری تاریخ بڑھانے کی بھی ہدایات جاری کر دیں۔

اجلاس میں سینیٹرز دلاور خان، نگہت مرزا، مولوی فیض احمد، سجاد حسین طوری، ولید اقبال کے علاوہ سیکرٹری سفیران اخلاق رانا، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صحت کے علاوہ ایچ ای سی اور دیگر متعلقہ ادروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں