ادویات کی زائد قیمت وصولی کرنے کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن شروع ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ملتان میں بڑی کارروائی ، ڈرگ لاین فارما ہول سیل مارکیٹ پر چھاپا، ادویات کی اصل قیمت سے زائد قیمتوں پر ادویات فروخت کی جا رہی تھیں، لاین فارما ہول سیل کو سر بمہرکر دیا گیا

پیر 21 اکتوبر 2019 23:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کی ہدایت پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے ادویات کی منظور شدہ قیمت سے زائد وصول کرنے پر ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملتان میں بڑی کارروائی کی اور فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز کا صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کے ساتھ ملکر ڈرگ لاین فارما ہول سیل مارکیٹ پر چھاپا مارا اور جہاں ادویات کی اصل قیمت سے زائد قیمتوں پر ادویات فروخت کی جا رہی تھیںچھاپے کے دوران لاین فارما ہول سیل کو سر بمہرکر دیا گیا ہے۔

جہاں پر بلڈپریشر کی دوائی ایڈالٹ کی ڈبی (20) اصل قیمت ایک سو سترروپے کی بجائے 1200 روپے کی ڈبی فروخت کی جا رہی تھی، ایڈالٹ ایل ای(30) کی ڈبی چارسو ستاون روپے کے بجائے 1900 روپے کی فروخت کی جا رہی تھی، ایسیٹا زولو میڈ کی ڈبی باسٹھ روپے کی بجائے 1350 روپے کی زائد قیمتوں پر فروخت کی جارہی تھیں۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پر کاروائی عمل میں لائی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا زائد قیمت وصول کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور بھاری جرمانے کئے جائیں گے انہوں نے خبردار کیا کہ ملک میں جہاں بھی ادویات کی زائد قیمتوں پر ادویات فرورحت کرنے کی شکایت موصول ہوئی ایسے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی ہو گی اور جرمانے اور سزائیں دی جائیں گی۔ ان رجسٹرڈ ادویات اور جعلی ادویات ایک مکروہ دھندہے اس میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا حکومت عوام الناس کو معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جاے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں