مولانا کو نظر بند کیا تو دما دم مست قلندر ہو گا، حافظ حمد اللہ

کارکن ممی ڈیڈی لوگ نہیں اور نہ برگر کھانے کے عادی ہیں،ہم تین روز بغیر کھائے پیئے بھی گزارا کر سکتے ہیں، انٹرویو

منگل 22 اکتوبر 2019 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا گیا تو دما دم مست قلندر ہو گا۔ایک انٹرویو میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں کہا تھا ہم حزب اختلاف کو دھرنا دینے پر کھانا اور کنٹینر دیں گے لیکن یہاں تو ابھی سے ہی گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس دو راستے ہیں، یا تو حکومت ہمیں اسلام آباد آنے دے یا پھر اگر راستے بند کرتے ہیں تو پھر پورا ملک بند ہو گا اور یہ ہم نہیں کریں گے حکومت بند کرے گی۔حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کر دیا گیا تو پھر سب دیکھیں گے کہ دمادم مست قلندر ہو گا۔

(جاری ہے)

ہمارے کارکن ممی ڈیڈی لوگ نہیں ہیں اور نہ برگر کھانے کے عادی ہیں۔

ہم تین روز بغیر کھائے پیئے بھی گزارا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف تو مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دے رہی ہے اور دوسری طرف ان کے بیانات انتہائی خراب ہیں۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمان جب کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تھے تو کشمیر کی یہ صورتحال نہیں تھی جو آج ہے۔رہنما جے یو آئی ف نے کہا کہ حکومت بتائے انہوں نے 14 مہینوں میں عام آدمی کیلئے کیا کیا آج مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔

حکومت صفر پر آؤٹ ہو چکی ہے لیکن پھر بھی پچ پر موجود ہیں۔ اب کپتان کو گھر جانا ہو گا جنہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے سینچری بنا لی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر تو او آئی سی ممالک نے بھی ووٹ نہیں دیا آپ کی سفارتکاری کو تو یہ حال ہے اور پھر وزیر اعظم دھڑلے سے عوام کے سامنے آکر جھوٹ بھی بولتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں