تاجر برادری کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل حل کرائیں گے، علی نواز اعوان

نئے انڈسٹریل بلڈنگ بائی لاز کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے، محمد احمد وحید

ہفتہ 16 نومبر 2019 23:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا کہ معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے تاجر برادری کو سازگار ماحول کی ضرورت ہوتی ہے اورموجودہ حکومت کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے سی ڈی اے حکام سے میٹنگ کر کے ان کو حل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علی نواز اعوان نے کہا کہ چیمبر تاجر برادری کے مفادات کا تحفظ کرنے اور ان کے مسائل کو حل کرانے کیلئے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور یقین دہانی کرائی کہ مسائل کے بہتر حل کیلئے وہ چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوںنے تاجر برادری کو ان اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اٹھا رہی ہے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ چیمبر کی تجاویز کی روشنی میں سی ڈی اے بورڈ نے چار سال قبل انڈسٹریل بلڈنگ بائی لاز میں تبدیلی کی منظوری دی تھی تا کہ صنعتی شعبے کی تعمیراتی ضروریات کو موجودہ تقاضوں کے مطابق پورا کیا جائے لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پرسی ڈی اے نے ابھی تک ان کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا جس وجہ سے صنعتی شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے بورڈ کی طرف سے منظور شدہ انڈسٹریل بائی لاز کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ایریا آئی نائن اور آئی ٹین چالیس سال قبل تعمیر کئے گئے تھے لیکن اس وقت کے بلڈنگ بائی لاز اب صنعتی شعبے کی ترقی کی میں معاون ثابت نہیں ہو رہے ہیں لہذا چیمبر نے انڈسٹریل ایریا میں ملٹی سٹوری بلڈنگ تعمیر کرنے، کورڈ ایریا میں اضافہ کرنے، صنعتی پلاٹوں پر ملٹی ٹریڈ کی اجازت دینے اور بلڈنگ کی بلندی کی حد کو بڑھانے سمیت دیگر تجاویز دیں تھیں جن کو سی ڈی اے بورڈ نے پاس کر دیا تھا لیکن نوٹیفیکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے انڈسٹری کو جدید خطوط پر ترقی دینے اور کاربار کو وسعت دینے میں مسائل کا سامنا ہے۔

انہوںنے کہا کہ دور حاضر کا تقاضا ہے کہ انڈسٹریل پلاٹوں پر ملٹی سٹوری بلڈنگ تعمیر کرنے کی اجازت دی جائے اور مذکورہ نوٹیفیکیشن فوری جاری کیا جائے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ سی ڈی اے نے لیز کی تجدید کا عمل بہت پیچیدہ بنایا ہوا ہے جس وجہ سے بہت سے کمرشل اور صنعتی پلاٹوں کی لیزکی تجدید رکی ہوئی ہے جس سے نہ صرف تاجروصنعتکار برادری کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ادارے کو بھی اربوں روپے ریونیو کا نقصان ہو رہا ہے لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے لیز کی تجدید کے عمل کو آسان بنائے اور بروقت لیزوں کی تجدید کی جائے تا کہ صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت پیدا ہو۔

خالد چوہدری، محمد اشفاق چھٹہ، چوہدری ندیم الدین، وقار ظفر بختاوری، چوہدری عرفان، راجہ عبدالمجید، ناصر چوہدری اور دیگر نے بھی سی ڈی اے سے متعلقہ متعدد مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں