حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے کلاسیکل فرنیچر کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھائے گی، میاں کاشف اشفاق

ہفتہ 25 جنوری 2020 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2020ء) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے کلاسیکل پاکستانی فرنیچر کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھائے گی اور بین الاقوامی فرنیچر مارکیٹوں تک رسائی کیلئے شعبہ کی سرپرستی کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو فرنیچر پروڈیوسرز اور برآمد کنندگان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیڈمک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 200 ایکڑ اراضی پر سٹیٹ آف دی آرٹ فرنیچر سٹی تعمیر کیا جائے گا تاکہ فرنیچر سیکٹر میں برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔ فرنیچر سٹی کا بنیادی مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے فرنیچر پروڈیوسرز کو مدد اور سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ شعبہ میں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے تحت سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر فار ایکسی لینس بھی قائم کیا جائے گا جہاں کاریگروں اور طلبا کو فرنیچر سازی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ عالمی معیار کا فرنیچر تیار کرسکیں۔ میاں کاشف نے کہا کہ فیڈمک یہاں فرنیچر یونٹس قائم کرنے میں دلچسپی رکھنے والوںکو وفاقی اور صوبائی محکموں کی مکمل کوآرڈینیشن کے ذریعے ون ونڈو آپریشن کی سہولت اور مکمل بزنس انفراسٹرکچر فراہم کرے گا۔فرنیچر پروڈیوسرز کو عالمی نمائشوں اور تجارتی میلوں میں شرکت کیلئے سفری سہولیات اور آسانی سے قابل حصول گرانٹس کیلئے بھی مدد کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں