پاکستان کی آئی سی ٹی کمپنیوں کیلئے کنیڈا میں کاروبار کے عمدہ مواقع موجود ہیں،بدر شمیم

کنیڈا کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز قائم کریں، محمد احمد وحید

جمعرات 27 فروری 2020 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) برمپٹن بورڈ آف ٹریڈ ، کنیڈا کے سابق چیئرمین اور کینڈس انٹرنیشنل کنسلٹنگ کے صدر بدر شمیم نے کنیڈا کی سینئر ٹریڈ کمیشنر محترمہ مارگوکس میکڈونلڈکے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان سمیت مقامی تاجروصنعتکار برادری کے ساتھ پاکستان اور کنیڈا کے مابین باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بدر شمیم نے کہا کہ پاکستان کی انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی شعبے کی کمپنیوں کیلئے کنیڈا میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا وہ ان سے استفادہ حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کنیڈا کی امریکہ کے ساتھ سالانہ تجارت 800ارب ڈالر ہے اور پاکستان کنیڈا کے ساتھ تجارت کو مزید بہتر کر کے اپنی معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنیڈا نے جی سیون ممالک کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کر رکھے ہیں لہذا کنیڈا کے ساتھ قریبی تجارتی تعاون فروغ دے کر پاکستان ان ممالک کے ساتھ اپنی برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق شفاف قوانین بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہتر ترقی دے سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت دنیا میں ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع پیدا ہو رہے ہیں لہذا ان کے موجودہ دورے کا مقصد پاکستان میں کنیڈا کی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے مواقعوں کا جائزہ لینا ہے۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ وہ کنیڈا میں کاروباراور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ معلومات شیئر کریں گے تا کہ چیمبر کے ممبران ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان کاروبارکیلئے ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے لہذا کنیڈا کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے مواقع تلاش کریں۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں پاکستان میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ کنیڈا کی مزید کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کریں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے کنیڈا کی کمپنیاں سنٹرل ایشیاء سمیت دیگر مارکیٹوں کو اپنی مصنوعات برآمد کر سکتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور کنیڈا کی باہمی تجارت صرف 1.5ارب ڈالر کے قریب ہے جو دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی کوشش کریں جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہو گی۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ کنیڈا کی کمپنیوں کو پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں میں چیمبر ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے بے شمار مواقع موجود ہیں لہذا کنیڈا کی کمپنیاں ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ ظفر بختاوری ، محمد اسلم کھوکھر، فاد وحید ، خالد چوہدری، نوید ملک اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و کنیڈا کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کے بارے میں مختلف تجاویز دیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں