ایف بی آر لیٹ گوشوارے جمع کروانے والوں کے نوٹس واپس لے، اجمل بلوچ

منفی ہتھکنڈوں کی وجہ سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ممکن نہیں، خالد چوہدری

جمعہ 15 جنوری 2021 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکریٹری خالد چوہدری نے کہا ہے کہ کرونا کی وجہ سے کاروباری حالات ابھی تک روٹین میں نہیں آئے ایف بی آر نے مشکل حالات کے باوجود ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں اضافہ نہیں کیا لیکن صرف بیان جاری کیا گیا کہ لیٹ گوشوارے جمع کروانے والوں کو کچھ نہ کہا جائے گا اب اچانک 182 کے تحت ہزاروں افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں جو کہ سخت زیادتی ہے انہوں نے زور دے کر کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ 182 کے تحت جاری تمام نوٹس واپس لینے کے احکامات جاری کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان گذشتہ برس معاہدہ ہوا تھا جس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہو سکا وعدہ کیا گیا تھا کہ اس سال گوشوارہ سادہ اور ایک صفحہ کا ہوگا جو کہ آج تک اردو میں نہ چھپ سکا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے منفی رویے اور ہتھکنڈوں کی وجہ سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں ہو رہا کورونا کی وجہ سے گوشوارے کم تعداد میں جمع ہوئے ہیں نئے ٹیکس گزاروں کو خوف ہے کہ ایک بار ٹیکس نیٹ میں شامل ہوگئے تو زندگی بھر ایف بی آر کے شکنجے میں پھنس جائیں گے جب کہ یہ سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور ٹیکس گزاروں کو اسی طرح تنگ کیا جاتا رہا تو نیٹ میں کمی واقع ہونے کا خدشہ ہے انہوں نے گوشوارے لیٹ جمع کروانے والوں کو جاری نوٹس فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں