این سی او سی کی ویکسی نیشن کے لازمی نظام کے تحت بہتر ویکسی نیشن مہم کے لیے صوبوں کی تعریف

بدھ 27 اکتوبر 2021 00:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے 15 اکتوبر سے شروع کیے جانے والی لازمی ویکسی نیشن نظام کے تحت ویکسی نیشن مہم کوفروغ دینے کے لیے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دیگر صوبوں کی تعریف کی۔ نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل ظفر اقبال کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں وبائی مرض کے چارٹ کے اعداد و شمار، ویکسی نیشن کے اہداف اور ویکسی نیشن کے لازمی نظام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی جہاں صوبائی چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شامل ہوئے۔ فورم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر کے تمام اضلاع میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلا 5 فیصد سے کم ہے تاہم تمام صوبائی انتظامیہ نے ویکسی نیشن کے لازمی نظام کے تحت کورونا ویکسین لگانے کا موثر طریقے سے انتظام کیا۔

(جاری ہے)

مزید فورم نے وفاقی اکائیوں کو ہدایت کی کہ وہ تمام شعبوں میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد کی خدمات سے انکار پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور موبائل ٹیمز کے ذریعے موقع پر ہی ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں۔ فورم نے صوبوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ بڑے شہری مراکز میں ویکسی نیشن میں اضافہ کریں جہاں ویکسی نیشن کی شرح نسبتاً کم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں