امیروں پر ٹیکس عائد کرنا پاکستان کی ٹیکسیشن پالیسی کا رہنما اصول ہے، وزیرخزانہ

جمعہ 9 جون 2023 23:03

امیروں پر ٹیکس عائد کرنا پاکستان کی ٹیکسیشن پالیسی کا رہنما اصول ہے، وزیرخزانہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمد اسحاق ڈارنے کہاہے کہ اس سال کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جا رہا اور حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے، امیروں پر ٹیکس عائد کرنا پاکستان کی ٹیکسیشن پالیسی کا رہنما اصول ہے ۔ جمعہ کوقومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیرخزانہ نے کہاکہ انکم ٹیکس کے حوالے سے اقدامات میں کنٹریکٹس، سپلائیز اور سروسز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جا رہا ہے، امیروں پر ٹیکس عائد کرنا پاکستان کی ٹیکسیشن پالیسی کا رہنما اصول ہے، ان پر عائد سپر ٹیکس کو پروگریسو ٹیکسیشن میں تبدیل کرنے کے لئے اس کے ٹیکس ریٹس کو بتدریج بڑھانے کی تجویز ہے، لسٹڈ اور نان لسٹڈ کمپنیوں پر 10 فیصد کی شرح سے ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

غیر فعال ٹیکس گزاروں کی طرف سے پچاس ہزار روپے سے زائد نقد رقم نکلوانے پر 0.6 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے، اس وقت 3 ہزار غیر ملکی شہری پاکستان کے امیر گھرانوں میں مددگار کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، اوسطا ہر گھریلو مددگار کو سالانہ 6 ہزار ڈالر تک تنخواہ دی جاتی ہے، گھریلو ملازمین کو ادا کی جانے والی رقم پر 2 لاکھ روپے سالانہ شرح سے ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی لانے کے حوالے سے خامیوں کو دور کرنے کے لئے کریڈٹ ڈیبٹ کارڈ اور بینکنگ چینلز کے ذریعے فارن کرنسی کے آئوٹ فلو کی حوصلہ شکنی کے لئے فائلر پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی موجودہ شرح 1 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد اور نان فائلر پر یہ شرح 10 فیصد کی جا رہی ہے۔

ٹیکسٹائل اور لیدر کی مصنوعات کے ٹیر ون ریٹیلرز پر جی ایس ٹی کی موجودہ شرح 12 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کی جا رہی ہے، اس سے عام آدمی متاثر نہیں ہو گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کا قیام اور پاکستان میں یکساں اور ہم آہنگ ٹیکس نظام رائج کرنا موجودہ حکومت کی بڑی ذمہ داری ہے، فاٹا اور پاٹا کے ضم شدہ اضلاع کو پانچ سال کے لئے ٹیکس استثنیٰ دیا گیا تھا جس کی مدت 30 جون 2023 کو ختم ہو رہی ہے، اس میں مزید ایک سال کی توسیع کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں