وزیراعلی خیبرپختون خوا آئینی فورمز اور متعلقہ اجلاسوں میں کرنے والی باتیں پریس کانفرنس میں بیان کرکے صرف سیاست کررہے ہیں،امیرمقام

منگل 23 اپریل 2024 21:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) وفاقی وزیر کشمیر، سرحدی امور گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے وزیراعلی خیبرپختون خوا علی امین گنڈا پور کو آئینہ دکھا دیا ۔وزیراعلی خیبرپختون خوا آئینی فورمز اور متعلقہ اجلاسوں میں کرنے والی باتیں پریس کانفرنس میں بیان کرکے صرف سیاست کررہے ہیں ۔بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر یہ پریس کانفرنس نیشنل سکیورٹی اور دہشت گردی جیسے حساس اور سنجیدہ مسئلے پر پولیٹکل نمبر سکورنگ ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ان نکات میں سے کوئی بھی علی امین گنڈا پور نے متعلقہ فورمز پر کبھی کیوں نہیں اٹھایا جن میں وہ شریک ہوتے رہے ہیں ۔ماضی میں جموں وکشمیر، نیشنل سکیورٹی سمیت قومی مفادات کے کسی مشاورتی اجلاس میں اِن کے لیڈر کبھی شریک نہ ہوئے ۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے واپس آنے کی بنیادی وجہ ان کے لیڈر کی بطور وزیراعظم غلط پالیسیاں تھیں جن کا خمیازہ آج پاکستان بھگت رہا ہے۔

آپ نے مذاکرات کے نتیجے میں دہشت گردوں کو جیلوں سے نکالا اور انہیں واپس لاکر آباد کیا جس سے وہ دوبارہ منظم ہوئے اور دہشت گردی دوبارہ شروع کی ۔اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر نہ ڈالیں، خیبرپختون خوا میں دس سال سے اقتدار میں آپ ہیں اور صوبہ کنگال ہوچکا ہے ۔نیشنل سکیورٹی کے معاملات پر سیاست اور سستی شہرت کا حصول قابل مذمت ہے۔وفاق کے پاس خیبرپختونخوا کا کوئی معاملہ زیر التوا نہیں, وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا صوبائی تعصب کا تاثر پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔وفاق اور صوبائی اکائیوں کے درمیان امور کو طے کرنے کے آئینی فورمز بنے ہوئے ہیں ، اٴْن پر بات کرنی چاہیے ۔سابق صدر علوی کے راستے پر نہ چلیں جو آئینی منصب کے تقاضے نبھانے کے بجائے محض سیاسی کارکن بنے رہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں